• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملالہ ایک ایسی طاقت جس کا انکار ممکن نہیں، پریانکا چوپڑا

Todays Print

کراچی (نیوز ڈیسک ) نوبل انعام یافتہ پاکستانی شہری ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، بھارتی اداکارہ پر یانکا چوپڑا اور کئی ممالک کے سربراہان سے ملاقات کی۔

 پریانکا کا کہنا ہے کہ ملالہ ایک ایسی طاقت جس کا انکار ممکن نہیں جبکہ ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ انہیں بالی ووڈ اداکارہ سے ملاقات کا یقین نہیں آرہا۔

بین الاقوامی طور پر دیگر قد آور شخصیات کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پر یا نکا چوپڑا نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملالہ سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے بعد نامور اداکارہ نے ملالہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا،’’ میں ملالہ کی ذہانت، ان کی حسِ مزاح اور قابلیت پر ایک کتاب تحریر کر سکتی ہوں۔‘‘بھارتی اداکارہ نے لکھا،’’ ملالہ تم ایک ایسی قوت ہو جس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ دنیا جانتی ہے کہ تم ان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ایک مشعل راہ ہو جو دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانا چاہتے ہیں۔ تم ایک کم عمر لڑکی ہو جس کے بہت سے خواب ہیں لیکن تم نے بہت چھوٹی عمر میں بہت بڑی ذمہ داری لے لی ہے۔ ‘‘پریانکا نے لکھا کہ ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے انہیں اپنے والد کی یاد دلا دی۔ بالی وُڈ اور ہالی وُڈ میں بھی اپنی شناخت بنانے والی پریانکا کی ملالہ کے بارے میں انسٹاگرام پوسٹ پر کئی افراد نے اپنے تبصرے لکھے۔نوبل انعام یافتہ ملالہ نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ انہیں یقین ہی نہیں آرہا کہ وہ پر یانکا چوپڑا سے ملی ہیں۔ ملالہ کی اس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ٹوئٹر کے صارف بی این شرما نے لکھا،’’ مجھے ان دونوں خواتین پر فخر ہے یہ دونوں اپنے اپنے شعبوں میں بھی اور انسانیت کی خدمت کے لیے بھی بہت زیادہ کام کر رہی ہیں۔‘‘ ملالہ سے محبت کرنے والوں نے اس نوجوان لڑکی کی ٹوئٹ پر لکھا کہ  وہ دعا گو ہیں کہ ملالہ کی ہمت یونہی بڑھتی رہے۔

تازہ ترین