• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سری لنکا پر پانچ فاسٹ بولرز سے حملہ آور ہوگا، چیف سلیکٹر نے پلان بتادیا

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے امارات میں مقابلہ کرنے کیلیے اپنی تیاریاں مکمل کرلیں۔گرین کیپس وطن سے دور اپنے’’ ہوم گرائونڈز‘‘ پر عموماً اسپنرز کی قوت سے حریفوں کو ناکوں چنے چبواتے ہیں لیکن اس بار شاید پلاننگ مختلف ہے۔ چیف سلیکٹرز نے آئندہ سیریز میں فاسٹ بولرز پر انحصار کا فیصلہ کیا ہے۔ انضمام الحق کہتے ہیں کہ اسکواڈ میں پانچ فاسٹ بولرز کو شامل کیا جائے گا۔ سری لنکا کو زیر کرنے کیلئے محمد عامر کو وہاب ریاض، حسن علی، محمد عباس اور میر حمزہ کا ساتھ حاصل ہوگا۔

لیکن حیرانی کی بات ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے لیگ اسپنر یاسر شاہ کے فٹنس ٹیسٹ کا انتظار کرتے ہوئے ٹیم کا اعلان ایک دن کیلئے موخر کیا ہے۔ اب سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان ہفتے کو کیا جائے گا، قومی سلیکشن کمیٹی نے متحدہ عرب امارات کی سر زمین پر کھیلی جانے والی اس ٹیسٹ سیریز میں فاسٹ بولرز پر انحصار کا فیصلہ کیا ہے، پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کی کار کردگی کا جائزہ لیا، انہوں نے کھلاڑیوں کا پریکٹس میچ بھی دیکھا۔

قومی ٹیم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سری لنکا روانہ ہوگی، اسپنر یاسر شاہ کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ ہفتے کو لیا جائے گا جس میں کلیئر ہونے کے بعد ہی وہ ٹیم کا حصہ ہونگے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان ہفتہ کو کیا جائے گا جس میں 5 فاسٹ بولرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب صرف اور صرف میرٹ پر کیا جائے گا ، ٹیم کے انتخاب کیلئے ہیڈ کوچ اور کپتان سے مشاورت کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ یاسر شاہ کی فٹنس اور ٹیم میں شمولیت سے متعلق حتمی مشاورت ہوگی۔ یاسر شاہ کا ایک اور فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا اگر وہ فٹ ہوئے تو انہیں ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا، اظہر علی مکمل فٹ ہیں اور وہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

چیف سلیکٹرنے کہا کہ یاسر شاہ اہم بولر ہیں اس لئے ان کے فٹنس ٹیسٹ کا انتظار ہے جبکہ اظہر علی کی فٹنس میں بہتری آئی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں ہو گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا باقاعدہ آغاز 28ستمبر کو ابوظبی کے شیخ زیداسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا باقاعدہ آغاز 28 ستمبر کو ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔ 

تازہ ترین