• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی گیمز کی راہ میں حائل رکاوٹیں برقرار، ایک بار پھرملتوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی گیمز کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور نہ ہوسکیں۔ مالی مشکلات اور محرم الحرام کی وجہ سے بلوچستان حکومت نے کوئٹہ میں اگلے ماہ ہونے والے 33ویں قومی گیمز کو ایک بار پھر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گیمز آئندہ سال جنوری میں ہونگے، تاہم منتظمین ان کھیلوں کو نومبر کے آخری ہفتے میں کرانے کے خواہش مند ہیں، جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق قومی گیمز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کوئٹہ میں ہوا جس میں قومی گیمز کی اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان بھی شریک ہوئے جن کوبتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے تاحال ان کھیلوں کے لئے فنڈ جاری نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے کھیلوں کے مقامات کو مقررہ تک مکمل نہیں کیا جاسکے گا، قومی گیمز کے لئے نئے سوئمنگ پول اور سائیکلنگ ایونٹ کے لئے ویلوڈروم بھی تعمیر کیا جارہا ہے تاہم فنڈ نہ ملنے کے باعث اس کا تعمیراتی کام رکا ہوا ہے۔

قومی گیمز شیڈول کے مطابق 7سے 14اکتوبر تک ہونا تھے۔قومی گیمز آ خری مرتبہ دسمبر2012میں لاہور میں ہوئے تھے جس کے بعد کوئٹہ کو2014کے قومی گیمز کی میزبانی دی گئی تھی تاہم مالی مشکلات اور سیکیورٹی کے باعث اسے ملتوی کردیا گیا تھا، بعد میں 2016میں ان کھیلوں کے کوئٹہ میں انعقاد کی تاریخ دی گئی تھی مگر یہ کھیل نہ ہوسکے جس کے بعد پی او اے نے کوئٹہ کے حکام کو رواں سال اکتوبر میں ان کھیلوں کے انعقاد کی ذمے داری سونپی تھی مگر ایک بار پھر یہ کھیل اکتوبر میں نہیں ہوسکیں گے، اس بات کا بھی امکان ہے کہ کوئٹہ میں ان کھیلوں کے نہ ہونے کی صورت میں ان گیمز کو پشاور اور کراچی کے حوالے کیا جاسکتا ہے، کوئٹہ میں صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کی دھڑے بندی بھی ان کھیلوں کے انعقاد کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، کوئٹہ گیمز کے لئے لگائے گئے مختلف صوبائی ایسوسی ایشنوں نے اپنی ٹیموں کے تربیتی کیمپ بھی ختم کردئیے ہیں۔

تازہ ترین