• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا فکسنگ تنازع میں نیا موڑ، میتھیوز پر بھی الزامات عائد

کولمبو ( جنگ نیوز ) سری لنکن کرکٹ میں میچ فکسنگ کے تنازع نے نیا موڑ لے لیا۔ سابق سلیکٹر اور فاسٹ بولر پرمودیا وکرما سنگھے نے اینجلو میتھیوز کو نشانہ بناتے ہوئے زمبابوے کے خلاف سیریز جان بوجھ کر ہارنے پر الزام لگایا ہے۔ اس پر سابق کپتان اینجلو میتھیوز، دنیش چندی مل، اپل تھرنگا سمیت ٹاپ 40 کرکٹرز بپھر گئے ہیں۔ انہوں نے کرکٹ حکام سے تحریری طور پر الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

وکرما سنگھے نے جولائی میں کھیلی گئی افریقی ملک کے خلاف سیریز کے چوتھے ون ڈے میں آئی لینڈز کی حکمت عملی پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔ اس میں ہوم سائیڈ کو ڈک ورتھ لیوس میتھڈ کے تحت شکست ہوئی اور اس کے نتیجے میں وہ سیریز بھی ہار گئی تھی ۔ سابق بولر کا کہنا ہے کہ مذکورہ میچ میں میتھیوز نے پانچ کے بجائے حیران کن طور پر تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی جبکہ اہم موقع پر اپنے بہترین بولر لاستھ ملنگا سے گیند کرانے سے گریز کیا۔

اس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے 40 ٹاپ کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز نے کرکٹ سری لنکا خط لکھا ہے کہ معاملے کی مکمل انکوائری کرائی جائے۔ دریں اثنا ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک پلیئر نے کہا کہ میچ کے دوران کپتان کو چند فیصلے فوری اور حالات کے پیش نظر کرنا ہوتے ہیں۔ بعض اوقات یہ درست ثابت ہوجاتے ہیں جبکہ کبھی پلٹ بھی جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ میچ میں ملنگا کو آخری اوورز میں اس لیے بولنگ نہیں دی کہ روشنی کم ہورہی تھی اور امپائرز نے کپتان میتھیوز کو مطلع کیا تھا کہ فاسٹ بولر کو گیند دیے جانے پر کھیل معطل کردیا جائے گا۔

اس لیے انہوں نے اسپنرز پر انحصار کا فیصلہ کیا تھا۔ پلیئر کا مزید کہنا تھا کہ معاملے کو صاف ہونا چاہیے، کیوںکہ کھلاڑی دبائو میں ہیں، اگر شفاف انکوائری نہیں ہوئی تو مستقبل میں کپتان پر بہت دبائو رہے گا، اور وہ کسی بھی قسم کے فوری فیصلے کرنے سے قبل دو بار سوچے گا۔

تازہ ترین