• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن نے پارٹی صدر منتخب نہ کرنے پر ن لیگ کیخلاف کارروائی شروع کردی

 اسلام آباد (طاہر خلیل) الیکشن کمیشن نے میاں نواز شریف کی جگہ مسلم لیگ (ن) کا نیا صدر مقررہ مدت کے اندر منتخب نہ کرنے کا نوٹس لیا ہے اور اس ضمن میں حکمران پارٹی کے خلاف ضروری کارروائی کا آغا زکر دیا گیا ہے ۔ مسلم لیگ کو 11ستمبر تک نواز شریف کی جگہ اپنی جماعت کا نیا صدر منتخب کرنے کی مہلت دی گئی تھی،  مقررہ وقت گزر گیاہے مسلم لیگ( ن) اپنا با ضابطہ صدر منتخب نہ کر سکی،ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ کا انتخابی نشان روکنے سمیت مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے نوازشریف کی نااہلی کے بعد ن لیگ کو نیا پارٹی صدرمنتخب کرنے کا حکم دیا تھا اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے چیئرمین راجہ ظفرالحق کو 8 اگست کو خط لکھا تھا۔خط میں پولیٹکل پارٹیز آرڈر اور ن لیگ کے آئین کا حوالہ دیا گیا تھا جس کے مطابق  پارٹی آئین کے تحت صدر کا عہدہ خالی ہونے کے 7 روز میں قائم مقام صدر منتخب کیا جانا ہے،جبکہ 45 روز میں باضابطہ صدر کا انتخاب کیا جانا ہے،پارٹی آئین کے مطابق ن لیگ 11 ستمبر تک صدر منتخب کرنے کی پابند تھی، ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن پارٹی آئین کی خلاف ورزی پر ن لیگ کے انتخابی نشان روکنے سمیت مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے ۔

تازہ ترین