• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میزائل پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، حسن روحانی،بیلسٹک میزائل نمائش کیلئے پیش

تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تہران حکومت اپنی میزائل پروگرام کو وسعت دیتا رہے گا۔ مسلح افواج سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تہران میں فوجی پریڈ سے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی نےکہا کہ تہران حکومت نہ صرف اپنے میزائل پروگرام کو مزید بہتر اور مؤثر بنائے گی بلکہ ساتھ ہی فضائیہ اور بحری افواج کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔

اس قومی فوجی پریڈ میں پاسدارانِ انقلاب نے دو ہزار کلومیٹر تک نشانہ بنانے والے ایک بیلسٹک میزائل کی نمائش بھی کی ہے۔مسلح افواج سے خطاب میں روحانی نے امریکی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا، ’’جب بات اپنے ملک کے دفاع کی ہو گی تو تو ہمیں کسی کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہو گی۔‘‘ پریڈ میں پاسداران انقلاب کے ایئر اسپیس شعبے کے سربراہ جنرل امیر علی حاجی زادہ نے بتایا کہ اس بیلسٹک میزائل کا نام ’خرم شہر‘ رکھا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس پریڈ میں ایران نے اپنی عسکری طاقت کی بھروپور انداز میں نمائش کی۔1980میں عراق کے خلاف شروع ہونے والی جنگ کی یاد میں منعقد کی جانے والی اس فوجی پریڈ میں خطاب کرتے ہوئے روحانی نے کہا کہ ملکی دفاع کو مضبوط بنانا ضروری ہے کیونکہ اسی صورت ملک کی سلامتی اور خودمختاری قائم رہ سکتی ہے۔انہوں نے اصرار کیا کہ علاقائی سطح پر طاقت کا توازن برقرار رہنا چاہیے۔

تازہ ترین