• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیرت فاروق اعظمؓ مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، علما و مشائخ

ہیلی فیکس(زاہد مرزا)حضرت عمر فاروق اعظم ؓکا طرز حکمرانی، عدل و انصاف، سادگی ،خدمت خلق اور کارکردگی سے عبارت تھا۔ دشمنان اسلام بھی آپ کی امانت و دیانت اور آپ کے نظام عدل کے معترف ہیں ۔ آپ کی سیرت ممالک اسلامیہ کے حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جماعت اہل سنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے علما و مشائخ نے یوم فاروق اعظمؓ کے موقع پر اپنے خطبات میں کیا ۔ ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی نے دارالعلوم قادریہ جیلانیہ والتہم سٹو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عمرؓ کی ذات دین اسلام کے لئے عزت و وقار کا باعث بنی اور اسلام کو ایک نئی شان حاصل ہوئی ۔

آپ کی فیاضی، شجاعت، رسول کریمؐ سے آپ کی والہانہ محبت، خلوص و ایثار مثالی صفات تھیں۔ علامہ سید احمد حسین شاہ ترمذی نے جامعہ الزہرا ھیلی فیکس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاروق اعظمؓ کی ساری زندگی جہد مسلسل اور خدمت انسانیت سے عبارت ہے ۔ عظیم ریاست اسلامی کے امیر ہونے کے باوجود سادگی اور قناعت انتہا درجہ کی تھی ۔ علامہ قاضی عبد العزیز چشتی نے جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ زبان رسالتؐ سے جسے نوید فراست ملی اورجس کی زبان الہام و تحدیث کا مرکز بنی وہ عمر فاروق اعظمؓ ہی تھے۔

مفتی محمد خان قادری نے بری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفات نبوت حضرت عمر فاروقؓ کی ذات میں بدرجہ اتم موجود تھیں اور فرمان رسول اکرمؐ بھی ہے کہ اگر میرے بعد نبوت کا دروازہ کھلا ہوتا تو عمرؓ اللہ کے نبی ہوتے۔ پیر سید انور حسین کاظمی نے بیڈ فورڈ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن حکیم کی بیشتر آیات حضرت عمر کی رائے کے موافق نازل ہوئیں ۔ صاحبزادہ سید مظہر حسین شاہ گیلانی نے لندن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عمر کی بالغ نظری اور فراست کو اسلام کے مخالفین بھی تسلیم کرتے تھے اور حضرت عمرؓ صبح و شام ملت کے استحکام اور امت کی تعمیر میں مصروف رہتے ۔ علامہ عبد الرحمٰن نقشبندی نے کہا کہ حضرت عمر نے امت کو ہجری تقویم دی اور اطراف مملکت میں قاضیوں کا تقرر کیا۔ پیر سید نور احمد شاہ کاظمی نے کہا تادیب کے لئے درہ کا استعمال، تحفیظ قرآن مجید کیلئے خصوصی وظائف کا اجرا اور مساجد کی تعمیر و ترقی فاروق اعظمؓ کے عظیم کارنامے ہیں ۔

الشیخ محمد عمر رمضان قادری نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کے محاسن و کمالات اتنے زیادہ ہیں کہ آپ کے مخالفین بھی اعتراف کئے بغیر نہیں رہ سکے۔ علامہ نذیر احمد مہروی، مولانا قاضی عبد الرشید چشتی، صاحبزادہ ضیاء المصطفیٰ چشتی، مولانا حمزہ حسن قادری، علامہ حافظ محمد فاروق چشتی، مولانا ضیاء الاسلام ہزاروی، مفتی ساجد لطیف قادری، علامہ حافظ سید زین العابدین، خلیفہ عبدالرحمٰن قادری، مولانا نیاز احمد صدیقی، صاحبزادہ سید محمد حیدر ترمذی، پیر سید رشید حسین شاہ جماعتی اور محقق برطانیہ علامہ طارق مجاہد جہلمی نے فاروق اعظم ؓکی ذات، خدمات، فضائل و مناقب پر مفصل خطابات کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تبارک وتعالی امت مسلمہ کو ایک ایسا رہبر عطا فرمائے جو فاروق اعظمؓ کا سچا جانشین ہو۔

تازہ ترین