• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مائنس نواز فارمولہ کبھی بھی قبول نہیں کیاجائے گا، برجیس طاہر

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وفاقی وزیر برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مائنس نواز فارمولہ پاکستان مسلم لیگ کے کارکن کبھی بھی قبول نہیں کریں گے، انھوں نے کہا کہ جو لوگ ایسا چاہتے ہیں انھیں تاریخ سے سبق حاصل کرنا چاہئے، برجیس طاہر نواز شریف سے ملنے کیلئے دوروزہ دورے پر لندن آئے ہوئے ہیں، لندن میں انھوںنے حسن نواز کے دفتر میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور کم و بیش ایک گھنٹہ تک ان سے بات چیت کی اس موقع پر ان کے صاحبزادے اور برطانیہ میں پاکستان مسلم لیگ نے کے سینئر نائب صدر ناصر بٹ بھی موجود تھے ،ملاقات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انھوں نے کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی اور ان کے حامیوں کایہ پیغام پہنچایا کہ انھیں ان پر مکمل یقین ہے ، برجیس طاہر نے بیگم کلثوم نواز کو پاکستان کے سیاسی کارکنوں کیلئے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پرویز مشرف کی آمریت کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہوئی اور اس کے نتیجے میں خاصی تکالیف برداشت کیں، انھوںنے کہا کہ وہ جمہوریت کی علامت ہیں کیونکہ انھوں نے جمہوریت کیلئے جنگ کی اور اس کی وجہ سے مصائب برداشت کئے، ہم سب ان کی بہت عزت کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ نواز شریف کو انتقامی طورپر نااہل قرار دیاگیا ہے اور انصاف کے نام پر مکر کیاگیاہے، پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے انھوں نے کہا کہ نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے سے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کے اربوں روپے ڈوب گئے اور پاکستان کی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا،انھوں نے دعویٰ کیا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ نواز شریف نے پاکستان کی معیشت کو درست سمت پر ڈال دیاتھاان کو نااہل قرار دیئے جانے سے بین الاقوامی برادری کے اعتماد کو نقصان پہنچا ،برجیس طاہر نے کہا کہ کشمیری نواز شریف سے محبت کرتے ہیں کیونکہ انھوں نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے، انھوں نے کہا کہ نواز شریف کشمیریوں میں صرف اس لئے مقبول نہیں ہیں کہ وہ خود بھی کشمیری ہیں بلکہ انھوں نے کشمیریوں کے حقوق اور بہبود اورکشمیریوں کی آزادی کیلئے کام کیاہے، اور گزشتہ دنوں عام انتخابات کے نتائج سے نواز شریف کے ساتھ کشمیریوں کی محبت کی عکاسی ہوتی ہے۔ کشمیریوں نے نواز شریف کے نام پر ووٹ اس لئے دئے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ وہ ان کے اپنے آدمی ہیں۔

تازہ ترین