• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت عمرؓ کےکارناموں سے تاریخ اسلام کا چہرہ روشن ہے،عمر توحیدی

اولڈہم(پ ر)پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمرتوحیدی نے کہا ہے کہ داماد علیؓمرادرسولﷺ امام عدل و حریت حضرت فاروق اعظم ؓ بائیس لاکھ مربع میل زمین کا طاقت ور حکمران ہونے کے باوجودرعایا پرور‘ خدا ترس اور پیکر عدل و انصاف کاشاہکار نمونہ تھے‘ آپ کے فقیدالمثال کارناموں سے تاریخ اسلام کا چہرہ روشن ہے۔وہ قصر عمر اولڈہم میں یکم محرم الحرام یوم شہادت حضرت عمرؓ کے عنوان سے معنون ایک منعقدہ نشست سے خطاب کر رہے تھے ۔

انھوں نے کہا کہ کعبہ میں سب سے پہلے اسلام کا نام آپؓ نے ہی بلند کیا‘ رسالت مآب ﷺکے چمن میںجس پھول نے پوری دنیا کو عدل و انصاف کی خوشبو سے معطر کیا وہ عمر ابن خطاب ؓ ہی ہیں ‘ یہ خوشبو عرب کے تپتے ریگستانوں اور صحرائوںسے نکل کر قیصر و کسریٰ اور ہندوستان کی سلطنتوں میںبھی پھیلی اور ظلم واستحصال کی چکی میں پسی ہوئی انسانیت اس پھول کی خوشبوسے برابرمعطرنظر آئی ‘ تا ریخ گواہ ہے کہ دنیا میں ایک بہترین ‘ مکمل اور مثالی نظام زندگی کا نمونہ حضرت عمرفاروق ؓ ہی نے پیش اور رائج کیا جس سے دنیا آج تک مستفید ہورہی ہے۔

پاسبان صحابہ بر طانیہ کے صدر مفتی محمد ادریس نے کہا ہے کہ ماہ محرم کو روز اول ہی سے فضیلت حاصل ہے تاہم فاروقؓ و حسین ؓکی شہادتیں اس ماہ مبارک کے مزید فضیلت کا باعث بنی ہیں۔ محمد سلیم صابری نے کہاہے کہ آج پوری دنیا معاشی طور پہ غیر مستحکم ہے‘سودی نظام نے عالمی معیشت کی جڑیں ہلا کر رکھدی ہیں‘ عدالتی نظام امیر کے گھر کی لونڈی اور غریب کے گلے کا پھندا بن گیا ہے‘ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک سیدنا حضرت عمرؓ کی طرز حکومت اورعدل و انصاف کے درخشندہ اصولوںکو مشعل راہ بنا کر طاغوت کے ہر چیلنج کا جواب دیں۔آخر میں خیبر پختونخواہ حکومت کے اقدام یکم محرم الحرام یوم شہادت حضرت عمرؓ پہ عام تعطیل کو سرایا گیاہے اور دیگر صوبائی حکومتوں سے اس کی تقلید کا فوری مطالبہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین