• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے گھر شخص نے سڑک سے ملنے والے بیگ کو خاتون مالکن تک پہنچا دیا

لندن (نیوز ڈیسک) ایک بے گھر شخص نے سڑک پر ہینڈ بیگ ملنے کے بعد اس کی مالک خاتون کو ڈھونڈنے کے لیے دو دن خرچ کردئیے۔ انڈی پینڈنٹ کے مطابق20سالہ ڈیزی اووین بولٹن میں رات کے وقت گھر سے نکلنے کے بعد اپنا ایک بیگ کھو بیٹھی تھی جس میں اس کا پرس، نقد رقم اور300پونڈز مالیت کا آئی فون بھی موجود تھا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ پال کالڈر بینک نے ’’انسانیت پر ان کا اعتماد‘‘ بحال کردیا ہے۔ کالڈر بینک کو یہ بیگ ایک پب کے باہر سے ملا تو اس نے اونر کی تلاش شروع کردی۔ وہ دو دن تک سڑکوں پر پھرا اور مس اووین کے پرویژنل ڈرائیونگ لائسنس سے اس کی شناخت سے آگاہ ہوکر لوگوں سے اس کے بارے میں معلوم کرتا رہا۔

کالڈر بنک جو کہ پچھلے چار برس سے بے گھر ہے، اس نے بیگ سے ایک نوٹ بھی منسلک کردیا تھا جس میں اپنے مشن کی وضاحت کی تھی، کیونکہ اسے خدشہ تھا کہ لوگ یہ سمجھ بیٹھیں گے کہ اس نے بیگ چوری کیا ہے۔ اس نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ بیگ واپس کرنے کے لیے مس اووین کے گھر خود چل کر جائے گا۔ تاہم اس کے بعض دوستوں نے مزاحمت کی جنہوں نے فیس بک پر مس اووین کو پیغام دیا کہ وہ کالڈر بینک سے ملاقات کا انتظام کریں۔ بولٹن سے مس اووین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ دنیا میں ایسے لوگ موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کالڈر بینک بے گھر ہے اور ہاسٹل میں رہتا ہے، مگر اس نے بیگ سے ایک پینی بھی نہیں نکالی۔

تازہ ترین