• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پچھتر سالہ شخص تیزاب حملہ اور لوٹ مار میں ایک آنکھ کی بینائی بچانے میں کامیاب

لندن (نیوز ڈیسک) ایک75سالہ شخص ’’قابل نفرین‘‘ تیزاب حملے کے ذریعے لوٹ مار کی واردات میں اپنی بصارت سے تقریباً محروم ہوگیا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ معمر شخص اس حوالے سے خوش قسمت ہے کہ موپیڈ سوار ملزمان کی جانب سے خود پر ’’نقصان دہ عنصر‘‘ پھینکے جانے کے بعد ایک آنکھ کی بینائی کھونے سے بچ گیا جب کہ اس دوران وہ اپنے گھڑی سے پہلے ہی محروم ہوگیا تھا۔ انڈی پینڈنٹ کے مطابق راہ گیروں بشمول ایک ڈاکٹر کی جانب سے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے باعث وہ زیادہ مستقل انجری سے بچ گیا۔

75سالہ شخص پر حملہ ہارو، نارتھ لندن میں ہوا۔ واضح رہے کہ دارالحکومت میں تیزاب حملوں اور موپیڈ سواروں کی جانب سے لوٹ مار کے متعدد واقعات ہوئے ہیں جب سڑکوں پر گھومنے والے چور تیزاب یا ہتھوڑے اور کلہاڑے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ بکنگھم پریڈ، ہارو میں ایک موٹر سکوٹر پر سوار دو لٹیروں کی جانب سے دو پنشنرز کے حملے کے بعد بدھ کے روز 5:30بجے شام کے فوری بعد پولیس کو طلب کیا گیا تھا۔

سکاٹ لینڈ یارڈ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ افسران جائے وقوع پر پہنچے تو ایک75سالہ شخص کو آنکھ کی انجری میں مبتلا پایا۔ زخمی شخص کو ہسپتال میں علاج کی ضرورت نہیں تھی تاہم لندن ایمبولینس سروس اور قریب سے گزرنے والے ایک ڈاکٹر نے اسے میڈیکل کیئر فراہم کی۔ پولیس نے عینی شاہدین سے مدد کی اپیل کی ہے۔

تازہ ترین