• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں مکانات کی اوسط قیمتیں3لاکھ پونڈز کے نزدیک پہنچ گئیں

لندن (نیوز ڈیسک) برطانیہ میں مکانات کی اوسط قیمتیں300,000پونڈز کے نزدیک پہنچ گئیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مکانات کے خریداروں نے پراپرٹی مارکیٹ میں بریگزٹ پر اعتماد کا ووٹ دے دیا ہے۔ ایکسپریس کے مطابق نئے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ انگلینڈ اور ویلز میں گذشتہ ماہ تین بیڈروم سیمی کی اوسط قیمتیں297,398پونڈز تھی جوکہ اگست2016کے مقابلے میں2.1فیصد اضافے سے 6,000 پونڈز زیادہ ہے۔

قیمتوں میں یہ اضافہ گذشتہ سال یورپین یونین چھوڑنے کے فیصلے کے تناظر میں معیشت کو لاحق سنگین خدشات کی متعدد وارننگ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ہوا ہے۔ایک تخمینے کے مطابق گذشتہ ماہ مکانات فوخت کرنے کی80,500 کارروائیاں مکمل کی گئیں جوکہ جولائی کے مقابلے میں5فیصد اور سیزن کی بنیاد پر6فیصد زائد ہیں۔ ہائوس سمپل ڈاٹ کام کے ایلکس گوزلنگ نے کہا ہے کہ بریگزٹ کے پس منظر میں وارننگز کے مقابلے میں ہائوسنگ مارکیٹ انتہائی لچکدار ثابت ہورہی ہے۔

چند معمولی جھٹکوں کے باوجود پراپرٹی کی قیمتیں قابل ذکر حد تک اوپر جارہی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایسے متعدد خریداروں کو دیکھ رہے ہیں جوکہ بریگزٹ پر جاری مذاکرات کو تشویش کی نظر سے نہیں دیکھ رہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق چانسلر جارج اوسبورن اور ان کے پروجیکٹ ’’فیئر‘‘ نے دعوی کیا تھا کہ بریگزٹ کی صورت میں ہائوسنگ مارکیٹ منہدم ہو جائے گی اور مالکان کو اپنے مکانات کی قیمتوں میں18فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تازہ ترین