• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جولائی میں برطانیہ آنے والے سمندر پاروزیٹرز کی تعداد چار ملین تک پہنچی

لندن( نیوز ڈیسک) برطانیہ آنے والے سمندر پار وزیٹرز کی تعداد پہلی بارجولائی میں چار ملین تک پہنچ گئی، قومی شماریاتی دفتر (او این ایس) کے مطابق برطانیہ کا سفر کرنے والوں نے اپنے وزٹس پر2.75 بلین پونڈز خرچ کیے جو کہ ایک اور ریکارڈ ہے۔ اعداد وشمار سے مزید ظاہر ہوتا ہے کہ برطانوی رہائشیوں کی جانب سے بیرون ملک دورے گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 2فیصد کم ہو کر 6.9ملین ہو گئے، ان کی جانب سے کئے جانے والے اخراجات بھی 2فیصد کی کمی سے4.5 بلین پونڈز پر آگئے۔

واضح رہے کہ بریگزٹ ووٹ کے بعد پونڈ کی قدر میں کمی کے باعث بیرون ملک سے آنے والے وزیٹرز کے لئے برطانیہ میں اشیا کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں۔ ٹورسٹ پروموشن ایجنسی وزٹ بریٹن کی پیٹر یشیا یاٹس کا کہنا ہے کہ برطانیہ آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ میں پونڈ کا کردار بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ کمزور پونڈ وزیٹرز کے لئے مدد گار ہے مگر پہلی بار برطانیہ کا سفر کرنے والوں کے لئے یہ قوت متحرکہ نہیں تھا۔ سمندر پار سے آنے والے بیشتر افراد کو کرنسی کی شرح تبادلہ کا علم ہی نہیں تھا۔

او این ایس نے بتایا ہے کہ ٹورزم برطانوی معیشت میں سالانہ 127 بین پونڈز کا حصہ دار ہے۔ سمندر پار سے آنے والے سیاحوں نے برٹش میوزیم 6.4 ملین، نیشنل گیلری 6.3 ملین، ٹیٹ ماڈرن 5.8 ملین، نیشنل ہسٹری میوزیم 4.6 ملین اور سائوتھ بینک سینٹر 3.9 ملین کا دورہ کیا۔

تازہ ترین