• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن کے عالمی دن پر بھی بھارتی جارحیت جاری، شہیدوں کی تعداد 7 ہوگئی، ڈی جی ایم اوز کا رابطہ

Todays Print

سیالکوٹ، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، خبر ایجنسیاں)بھارتی فورسز کی جانب سے امن کے عالمی دن پر بھی ورکنگ باؤنڈری پربلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مزید3شہری شہید ہو گئے اور شہداء کی تعداد7ہو گئی جن میں 4خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 15 خواتین اور5بچوں سمیت  30افراد زخمی ہوگئے ہیں، پنجا ب رینجرز نےبھرپور جوابی کارروائی میں بھارت کی چو کیو ں کو نشانہ بنایا، وزیراعظم نے فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے، پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی شہادت پر احتجاج کیا، ادھر پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشز(ڈی جی ایم اوز) کا خصوصی ہاٹ لائن رابطہ ہوا ہے جس میں پاکستان نے ورکنگ باؤنڈری پر پاکستانی شہریوں کو بھارت کی جانب سے نشانہ بنانے کا معاملہ اٹھایا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات خان نے جمعے کو چروا اور ہڑپال سیکٹر کا دورہ کیا اور فوجیوں کو بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دینے پر سراہا۔آئی ایس پی آرکے بیان کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز کی چاروا، ہڑپال پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کا سلسلہ جمعے کو بھی وقفے وقفے سے کئی گھنٹے جاری رہا جس کے دوران شہری آبادی کونشانہ بنایا گیا ،بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 4خواتین سمیت 7افراد شہید اور30زخمی ہوگئے جنہیں کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ)سیالکوٹ داخل کروادیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ پنجاب رینجرز نے بھارت کی جار حیت کا بھرپور جواب دیا اور ورکنگ باؤنڈری پران بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایاگیا جہاں سے فا ئرنگ کی جارہی تھی ۔ دریں اثنا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ ادھر بھارت کی جانب سے ورکنگ بائونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کرنے کے معاملے پر اسلام آباد مین متعین بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا،وزارت خارجہ کے قائمقام سیکریٹری اعتزاز احمد نے بھارتی ہائی کمشنر کو ایک بار پھر باور کرایا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور بھارت مسلسل اس خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے، انہوں نے پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ہائی کمشنر اپنی حکومت کو باور کرائے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کیے جانے والے 2003فائر بندی معاہدے کی پاسداری کرے ، اس موقع پر بھارتی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔

علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا خصوصی ہات لائن رابطہ ہوا جس میں پاکستانی ڈی جی ایم او نے ورکنگ باؤنڈری پر پاکستانی شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا معاملہ اٹھایا۔کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق نے بھارتی جار حیت سے متاثرہ سیالکوٹ اور پسرور میں ورکنگ باؤنڈ ر ی کا دورہ کیا،آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق کورکمانڈر گوجوانوالہ نے بھارتی فائرنگ و گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، انہیں ورکنگ باونڈری پر سیز فائر خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی، کورکمانڈر گوجرانوالہ نےبھارتی فائرنگ سے زخمیوں کی سی ایم ایچ میں عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی کیلئے دعا کی۔

تازہ ترین