• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جائیداد کی فروخت پر پابندی، نوازشریف کے گھر نیب کا نوٹس چسپاں

Todays Print

لاہور (نمائندہ جنگ) نیب لاہور نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی لاہور میں واقع رہائش گاہ کے باہر نوٹس لگا دیاجبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی لاہور کی رہائش گاہ پر بھی طلبی کے نوٹسز بھیج دیئے ہیں ۔

نیب کے ذرائع کا کہنا ہےکہ اب جاتی امرا میں نوازشریف کی رہائش گاہ کسی کو فروخت نہیں کی جاسکے گی۔ بتایا گیا ہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر ہوچکے ہیں جس پر عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود بھی شریف خا ند ان اور اسحاق ڈار پیش نہیں ہوئے جبکہ عدالت نے اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کردیئے ہیں۔اسحاق ڈار کا نیب ریفرنس پر ضمانت قبل از گرفتاری لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

نیب کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی جانب سے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اسلام آباد کے بعد لاہور میں بھی انکی رہائش گاہ پر نوٹس بھیج دیا جو انہیں رات گئے وصول کرایا گیا ہے۔دوسری جانب نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جاتی امرا میں رہائش گاہ پر بھی نوٹس چسپاں کردیا ہے اور نوٹسز جاتی امرا کے گھر کے مین گیٹ پر چسپاں کرائے گئے ہیں۔ نوٹسز نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے نام پردرج ہیں۔

نیب کے ذرائع کا کہنا ہےکہ جاتی امرا میں نوازشریف کی رہائش گاہ کسی کو فروخت نہیں کی جاسکے گی۔ نیب کے مطابق نوٹس کی کاپیاں چیئرمین ایس ای سی پی ، ڈی جی ایکسائز پنجاب، ڈی سی لاہور اور تمام بینکوں سمیت دیگر متعلقہ حکام کو بھجوادی گئیں۔واضح رہےکہ شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں جو لندن فلیٹس اور آف شور کمپنیوں سے متعلق ہیں جب کہ اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر ریفرنس بنایا گیا ہے۔ نیب نے شریف خاند ا ن کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل بھی دائر کردی ہے۔

تازہ ترین