• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رپور ٹ نہ ملنےپر عوامی تحریک کا سول سیکرٹریٹ کے باہراحتجاج،دھرنا

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں ،کارکنان اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء نے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نہ دینے پر سول سیکرٹریٹ کے باہر ہوم سیکرٹری کے رویے کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا اور رپورٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ دھرنے میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعدادمیں شامل تھے۔طاہر القادری نے کہا کہ ہوم سیکرٹری کیخلاف آج توہین عدالت کی درخواست دینگے،رانا ثنا نے کہا کہ فیصلےکیخلاف اپیل دائر کردی، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور وکلاء کے ہمراہ اسپیشل ہوم سیکرٹری احمد رضا سرور کو ان کے دفتر میں ملے اور عدالت کے تصدیق شدہ حکم نامے کی کاپی ان کے حوالے کی۔

سپیشل ہوم سیکرٹری نے کاپی وصول تو کی مگر رپورٹ دینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ہوم سیکرٹری آفس میں نہیں ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہوم سیکرٹری آفس میں نہیں ہے لیکن ہوم سیکرٹری کا دفتر تو کام کررہا ہے اور یہ عدالت کا حکم ہے اس پر عمل ہونا چاہیے تاہم ہوم سیکرٹری کے آفس نے   رپورٹ دینے سے انکار کیا ۔ عوامی تحریک کے کارکنان خواتین اور بچے سارا دن سول سیکرٹریٹ کے باہررپورٹ  کا مطالبہ کرتے رہے۔ نماز جمعہ بھی کارکنوں نے سول سیکرٹریٹ کے باہر سڑک پرادا کی۔

سہ پہر 4 بجے عوامی تحریک کے رہنماؤں نے وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے اس سے پہلے ہمارے ملزم شریف برادران تھے مگر عدالتی حکم کے باوجود ہوم سیکرٹری نے رپورٹ نہ دے کر خود کو پارٹی بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ المیہ ہے کہ شریف برادران کے لاقانونیت پر مبنی رویے کے اثرات ریاستی اداروں میں بھی سرایت کرتے چلے جارہے ہیں ۔ عوامی تحریک کے کارکن گوشہباز گو کے نعرے لگاتے رہے ،شدید حبس اور گرمی کے باوجود خواتین اور بچے سارا دن سڑک پر بیٹھے رہے۔ بعدازاں عوامی تحریک کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہوم سیکرٹری پنجاب کے خلاف توہین عدالت دائر کی جائیگی اور آئندہ کی حکمت عملی اور قانونی جدوجہد کا اعلان پیرکو کیا جائے گا۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ   طاہر القادری نے کہا ہے کہ ہوم سیکرٹری پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ کا جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ ورثاء کو دینے کاحکم نہ مان کر توہین عدالت کی۔کل  توہین عدالت کی درخواست دائر کرینگے  ۔عدالتوں کے فیصلوں کا مذاق اڑانے والے شریف برادران اور ان کے حواریوں،درباریوں کو عدالتی فیصلوں کے احترام کا سبق سکھانا ہو گا ۔دوسری جانب پنجاب حکومت کے وکلا ٔنے سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ منظر عام پر لانے کے فیصلہ کے خلاف  اپیل  تیار  کرلی ہے ۔

تازہ ترین