• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کا اجلاس وزیر اعظم پاکستان نے مقبوضہ کشمیر پر بھر پور تر جمانی کی ہے،چوہدری یٰسین

کیتھلے (محمد رجاسب مغل) آزاد کشمیر اسمبلی کے قائد حزب اختلاف چوہدری یٰسین نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور کشمیریوں کی نسل کشی کرنے سے اس کا سیاہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھرپور ترجمانی کی ہے جس کے ہم کشمیری ان کے شکر گزار ہیں مگر ہماری قائد بے نظیر بھٹو کے حوالے سے کوئی ذکر نہ کرکے بغض سے کام لیا ہے برطانیہ کی وزیر اعظم کی جانب سے بے نظیر بھٹو کو اقوام متحدہ کے فلور پر خراج تحسین سے ثابت ہوگیا کہ بھٹو خاندان کا ویژن آج بھی دنیا بھر میں سر چڑھ کر بول رہا ہے بے نظیر بھٹو نے دہشت گردوں سے چھپنے کی بجائے میدان عمل میں ان کو للکارا اور جمہوریت کی بحالی اور ملک کے تحفظ کے لئے رسم شبیری ادا کرکے سرخرو ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے کامیابی سے پانچ سال حکومت کی اور جمہوریت کو نامساعد حالات کے باوجود پٹڑی سے اترنے نہیں دیا، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نےملک کو ایٹمی قوت بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور نواز شریف نے اس وقت جمہوریت کو دوراہے پر کھڑا کر دیا ہےاداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، اسی طرح عمران خان نے دھرنوں اور سازشوں کے سوا کچھ نہیں کیا، آئندہ آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہے، پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو آگے لے کر جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیتھلے کے ٹائون میئرکونسلر ناظم اعظم اور چوہدری ناظم کی جانب سے دیئے گئے استقبالئے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ70سال سے کشمیری قربانیاں دے رہے ہیں کشمیریوں کی ہمیشہ منزل پاکستان رہی ہے، اپنے دورے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ جنیوا میں کامیاب مظاہرہ کرکے دنیا بھر میں آباد کشمیریوں کو متحرک کر دیا ہے، انہوں نے اپنے حلقہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہمہ وقت میرے دست بازو ہیں، انہوں نے برطانیہ میں آباد کمیونٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں برطانیہ میں معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ مقامی سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ آنگ سانگ سوچی جن کو امن کا ایوارڈ دیا گیا ہے اس سے یہ ایوارڈ واپس لے لینا چاہئے۔ چوہدری یٰسین کیتھلے پہنچے تو کیتھلے کے ٹائون میئر کونسلر ناظم اعظم اور کمیونٹی رہنمائوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ مسلم ایسوسی ایشن کیتھلے کے جوائنٹ سیکرٹری جنرل علی اکبر چشتی نے نظامت کے فرائض سر انجام دیئے، قاری زین العابدین کی تلاوت کے بعد سابق لارڈ میئر کونسلر خادم حسین، کونسلر ظفر علی اعوان، الحاج شوکت میرپوری، الحاج ظفر اقبال جماعتی اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے چوہدری یٰسین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی ہر طرح کی حمایت کا یقین دلایا۔

تازہ ترین