• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سر ما یہ کا ری کی فضا مکمل بحال ہے، اشتیاق بیگ

لندن(ودود مشتاق)برطانیہ اور پاکستان کے مابین صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت کا 33رکنی اعلی سطح کا وفد نائب صدر اشتیاق بیگ کی قیادت میں برطانیہ پہنچ گیا۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانی تاجروں صنعتکاروں اور کاروباری اداروں کی تنظیم یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی طرف سے لندن میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں لندن کی معروف تجارتی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ہائی کمیشن کے کمرشل قونصلر ساجد محمود راجہ نے کہا کہ ایک سال کے دوران ایف پی سی سی آئی کا سب سے اعلیٰ اختیاراتی وفد ہے جس میں تمام کاروباری شعبوں کی نمائندگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفد کی برطانوی تاجروں اور کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے علاوہ یوکے ٹریڈ ڈپارٹمنٹ اور وزیر تجارت کے ساتھ براہ راست اجلاسوں کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ پاکستان اور برطانیہ کے دو طرفہ تجارتی تعلقات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر گزشتہ سال پاکستان کی یوکے کے ساتھ تجارت میں آٹھ فیصد اور اس سال جون تک دس فیصد اضافہ ہوچکا ہے اور اس طرح کے اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ وفد کے سربراہ اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اشتیاق بیگ نے کہا کہ بیرون ممالک میں بیٹھے لوگ سمجھتے ہیں کہ پاکستان ایک غیر محفوظ ملک ہے لیکن پاکستان میں دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ ختم ہوچکی ہے اور سرمایہ کاری کی فضا مکمل طور پر بحال ہے۔ اس وقت برطانیہ اور پاکستان کے مابین 2.6 بلین ڈالرز کی دو طرفہ تجارت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ لوگ پاکستان میں خوشی کے ساتھ سرمایہ کر سکیں اور حالات بہتر سے بہتر ہو چکے ہیں۔ اشتیاق بیگ نے برٹش پاکستانی تاجروں کو پاکستان آنے اور خود حالات کا جائزہ لینے کی دعوت دی۔ یوکے پی سی سی آئی کے چیئرمین حاجی صدق نے اپنے خطاب میں پاکستانی تجارتی وفد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ برطانوی تاجروں اور کاروباری شخصیات کا وفد ایف پی سی سی آئی کی دعوت پر 9نومبر کو پاکستان کا دورہ کرے گا اور توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی روابط میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفد کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرکے پاکستان کے معروضی حالات سے آگاہی ہوئی اور خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان میں کاروباری حالات سازگار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تجارتی ادارے اور شخصیات ان معلومات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ چیئرمین پاکستان یوکے بزنس کونسل عمران خلیل نے کہا کہ وفد کے دورے کا مقصد مقامی تاجروں کو پاکستان میں تجارتی مواقع کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرنا ہے تاکہ دونوں اطراف کی تجارت میں اضافہ ہو سکے۔ یوکے پی سی سی آئی کے چیئرمین عاصم یوسف نے کہا کہ یہ تجارتی تعلقات میں اضافے کی کوشش ہے اور آنے والے وقت میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ پاکستانی وفد میں شامل بزنس مین امین الرحمٰن نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی برطانیہ میں پاکستانی تاجر برادری کی وجہ سے پاکستان کا سافٹ امیج ابھر کر سامنے آیا ہے۔ انکا کہا تھا کہ اب ہم پاکستان اور برطانیہ کے فیشن برانڈز کا تبادلہ کر سکیں گے۔ پی سی سی آئی کے رکن امجد خان نے کہا کہ پاکستان اور برٹش پاکستانی تاجر مل کر پاکستان کےلئے کام کریں گے تا کہ وطن کا نام روشن اور ملک خوشحال ہو سکے۔ واضح رہے کہ وفد ایک ہفتے کے دوران ایوان صنعت و تجارت گلاسگو، مانچسٹر، لیور پول کے علاوہ سرکاری اور نجی کاروباری مراکز دفاتر اور تنظیموں کا دورہ کرے گا۔ وفد کو پاکستان ہائی کمیشن کی معاونت بھی حاصل ہے۔

تازہ ترین