• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اساتذہ کی تربیت پر توجہ نہیں دی جارہی ، پروفیسر انوار احمد زئی

کراچی  (اسٹاف رپورٹر)  اساتذہ کی تربیت پر توجہ نہیں دی جارہی اس لئے طلباء کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

یہ بات ممتاز ماہر تعلیم اور ڈاکٹر ضیاء الدین یونیورسٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر انوار احمد زئی نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریجنل دعوۃ سینٹر کے زیراہتمام ہونے والی تین روزہ ورکشاپ برائے اساتذہ کے اختتامی اجلاس میں صدارتی تقریر کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تحت قائم ہونے والے ادارے سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے غیرفعال ہونے سے اساتذہ کی تربیت کا نظام متاثر ہوا ہے، انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ صوبے میں اساتذہ کی تربیت اور ان کے کورسز کو جدید بنانے کے لئے ایک ایکٹ کے تحت قائم کیا گیا تھا مگر اس نے اپنا ہدف پورا نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کس طرح اساتذہ کی تربیت متاثر ہوئی جبکہ اس کے بغیر کلاس کا تصور ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب یہ کام اسلام آباد کی یونیورسٹی صوبہ سندھ اور بلوچستان میں مختلف جگہوں پر تربیتی پروگرامز کے تحت انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ورکشاپ میں بلوچستان کے 54اساتذہ کی موجودگی کارکردگی کو بہتر بنانے کا ثبوت ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عزیز الرحمٰن نے بھی خطاب کیا اور ورکشاپ میں حصہ لینے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

تازہ ترین