• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دس اضلاع میں انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے دفاتر کے قیام کی منظوری

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حکومت سندھ نے ادارہ تحفظ ماحولیات کی سفارشات پر حیدرآباد ریجن کے 10 اضلاع میں انوائر مینٹل پروٹیکشن ایجنسی( ای پی اے) کے دفاتر کے قیام کی حتمی منظوری دے دی جبکہ فنانس ڈپارٹمنٹ نے مذکورہ دفاتر کے لئے 10کروڑ روپے جاری کردیئے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ضلعی سطح پر بنائے جانے والے دفاتر میں مجموعی طور پر افسران سمیت 50 کے قریب سرکاری عملے کی تقرری کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے 6 کروڑ سے زائد آبادی کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں اور سپریم کورٹ کی جانب سے سندھ کے بیشتر شہروں میں نکاسی آب اور فراہمی آب کے انفراسٹرکچر کے جائزے کے لئے تشکیل کردہ کمیشن کی جانب سے صورتحال سرکاری اداروں کے دعووں کے برعکس قرار اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگائے گئے تھے۔ ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ کی جانب سے ماحولیات کی تباہی کی روک تھام کے لئے صوبے کے 29 اضلاع میں دفاتر قائم کرنے کی سفارشات مرتب کرکے سمری چیف سیکریٹری اور سیکریٹری فنانس کو ارسال کی تھی بعد ازاں محکمہ فنانس کی جانب سے بجٹ کی کمی کا جواز بناکررواں برس 29 اضلاع میں سے حیدرآباد ریجن کے 10 اضلاع میں ای پی اے کے دفاتر کھولنے کی تجویز دے دی گئی تھی۔

باوثوق ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے فنانس ڈپارٹمنٹ کی تجویز غور و فکر کے بعد منظور کرتے ہوئے فی الوقت حیدرآباد ریجن کے 10اضلاع میں ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ کے دفاتر کے قیام کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ ای پی اے ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ دادو، حیدرآباد، نوابشاہ، ٹھٹھہ، بدین سمیت 10 اضلاع شامل ہیں جن میں دفاتر کھولے جائیں گے، دوسری جانب چیف سیکریٹری کی جانب سے منظوری کے بعد حکومت سندھ کے فنانس ڈپارٹمنٹ نے مذکورہ دفاتر کے قیام کے لئے 10کروڑ روپے جاری کردیئے ہیں، پہلے فیز میں حیدرآباد ریجن کے 10اضلاع میں کام شروع کرنے کی منظوری چیف سیکریٹری کی جانب سے دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ضلع میں ڈپٹی ڈائریکٹر یا دیگر پوسٹ کا افسر تعینات کیا جائے گا جبکہ انوائرمینٹل انسپکٹر، فیلڈ اسسٹنٹ اور ایک کلرک بھی بھرتی کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 19 اضلاع میں 2018 اور 2019 میں ای پی دفاتر کھولے جانے کی حکومت سندھ نے پہلے ہی اجازت دی ہوئی ہے۔

تازہ ترین