• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کے گھریلو میٹروں کی مصنوعی قلت، نئے کنکشنوں کاحصول مشکل

لاہور( تجمل گرمانی ) لیسکو اہلکاروں نے گھریلو میٹروں کی مصنوعی قلت پیدا کر دی۔ سب ڈویژنوں میں نئے میٹر موجود ہونے کے باوجود صارفین دھکے کھا رہے ہیں اور لین دین کے بعد نئے کنکشنوںکا حصول ممکن ہو تا ہے ۔ لیسکو ریکارڈ کے مطابق گزشتہ 9 ماہ کے دوران لاہور ریجن میںشامل سب ڈویژنوں کو مجموعی طور پر 6 لاکھ گھریلو میٹر دئیے گئے تاکہ ڈی فیکٹو میٹروں کی تبدیلی اور نئے کنکشنوںکے لئے صارفین کی مشکلات دور ہو سکیں۔ ان میں چار لاکھ نئے میٹر ڈی فیکٹو میٹروں کی تبدیلی اور دو لاکھ میٹر نئے کنکشنوں کے لئےجاری ہوئے تھے ۔ لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین عرفان اکرم اور چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی کی سخت ہدایات کے باعث بیشتر سب ڈویژنوں نے ڈی فیکٹو میٹر وں کی تبدیلی کا کام مکمل کر لیا جبکہ نئے کنکشنوں کی تنصیب کاکام موخر کر دیا گیا۔ لیسکو ریکارڈ کے مطابق رواں سال ستمبر تک مختلف سرکلوںکو جو نئے میٹر جاری ہوئے ان میں ناردرن سرکل 73476، سنٹرل سرکل 97733، ایسٹرن سرکل 68042، اوکاڑہ 80646 ، سدرن سرکل 75852، شیخوپورہ 99426، قصورسرکل کو92781 نئے میٹر جاری کئے گئے۔ سب ڈویژنوں میں نئے میٹروں کے ڈھیر جمع ہونے کے باوجود تین مہینوں سے نئے کنکشنوں کی درخواستیں زیر التو ہیں اور لائن مین سٹاف صارفین کو سنگل اور تھری فیز گھریلو میٹر وں کی غیر قانونی فروخت میں مصروف ہے ۔ شعبہ میٹریل مینجمنٹ کے سربراہ چیف انجنیئر محمدعلی ڈوگر سے موقف معلوم کیا تو انھوں نے کہا کہ سنگل اور تھری فیز میٹروں کی کوئی قلت نہیں ، سٹور میں وافر میٹر موجود ہیں تاہم میٹروں کی تنصیب کا کام شعبہ آپریشن کی ذمہ داری ہے ۔
تازہ ترین