• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہل بیت نے اسلام کاپیغام پہنچانے کیلئے بے مثال قربانیاں دیں،سیدنا مفضل

Todays Print

کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤدی بوہرہ جماعت کے رہبراعلیٰ ڈاکٹر سیدنامفضل سیف الدین نے طاہری مسجد، صدر میں محرم الحرام کی تیسری مجلس سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ اللہ نے بنی نوع انسان کی ہدایت و رہنمائی کیلئے اپنے محبوب پیغمبر ختمی مرتبتﷺ کیلئے دین اسلام کو پسند فرمایا۔

اسلام امن وآشتی کا دین ہےاسلام ہی وہ دین ہے جس نے خلق خدا کی خدمت اور بہبود کواللہ کی خوشنودی سے تعبیر کیا ہے۔ نبی کریم ﷺ واہل بیت نبیﷺ نے دین اسلام کے اس آفاقی پیغام کو خلق خداتک پہنچانے کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ خصوصاً نواسہ رسولﷺ، جگر گوشہ بتول امام عالی مقام حسینؓنے کربلا کی گرم ریت پر تین دن کی بھوک وپیاس میں ظالموں کے سامنے معرکہ آرائی کرکے خوشنودی رب کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

تاریخ انسانیت گواہ ہے کہ امام حسین ؓاور ان کے رفقاء کرام کی یہ عظیم المثال قربانی اور اس معرکہ کے درمیان امام حسینؓ نے اپنے جد رسول کریمﷺ کے اخلاق حسنہ کی جو مثال قائم کی ہے وہ انسانیت کے لیے حیات جاویداں بن گئی ہے۔ سیدنا مفضل سیف الدین نے کہا کہ حکومت پاکستان، پاکستانی عوامی اورمقتدر اصحاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے عزاء امام حسین ؓ کی بابرکت مجالس کے انعقاد کے لیے اعلیٰ پیمانے پر سہولتیں مہیا کی ہیں وزیراعظم اوروزیرداخلہ نے مہمان معتقدین کی بیرون ممالک سے آمد کو ممکن بنانے میں بیش بہا تعاون کیا یہ پاکستانی عوام اور حکومت کا جذبہ عقیدت اور محبت ہے جو باہمی تعلقات میں اضافے کا مظہر ہے انہوں نے سیدطاہرسیف الدین اور سیدنا محمد برہان الدین کے کراچی اور پاکستان سے دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ان دونوں داعیوں نے پاکستان کے کئی دورے کئے یہاں مجالس عزاء کا انعقاد کیا اور اپنی جماعت کو ملکی ترقی وخوش حالی میں اپنا حصہ ادا کرنے کی تلقین کی۔

سیدنا نے کہاکہ وہ امن وسلامتی اور نفع عام کا پیغام لے کر آئے ہیں انہوں نے پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان امن و خوشحا لی اورترقی وبہبود کے راستوں پر گامزن رہے ۔اس تاریخی اجتماع میں گورنرسندھ محمدزبیر ، وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ، میئرکراچی وسیم اختر اور ڈاکٹرفاروق ستار کے علاوہ دوسری حکومتی شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی ان مقتدر شخصیات نے کافی عرصے تک مجلس میں بیٹھ کر وعظ سنا۔بعدازیں سیدنامفضل سیف الدین نے گورنرسندھ، وزیراعلی سندھ، میئرکراچی اور دوسرے مہمانوں کو  متبرک ہدیئے پیش کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ یہاں آنے کا مقصد ملک میں اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینا ہے، اتحاد بین المسلمین کو آگے بڑھانا وقت کی ضرورت ہے ، ڈاکٹر تفضل سیف الدین کی پاکستان آمد اور ہمارے درمیان موجودگی محبت اور یکجہتی کا پیغام ہے، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر بوہرہ کمیونٹی کے رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بوہرہ کمیونٹی کا کراچی کی ترقی میں نمایاں کردار ہے یہ امن پسند کمیونٹی ہے جس نے ہمیشہ محبت اور رواداری کو فروغ دیا ہے،گورنر سندھ محمد زبیر نے دائودی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین سے طاہری مسجد صدر میں ملاقات کے دوران صوبہ کی تعمیر و ترقی میں بوہری برادری کے کردار، امن و امان کی قیام میں کمیونٹی کی بھرپور مدد اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

گورنر سندھ نے بوہری کمیونٹی کے سربراہ کی محرم الحرام میں کراچی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی کراچی میں محرم الحرام کی مجالس منعقد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا صاحب کی کراچی آمد شہر میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی عکاس ہے۔گورنر سندھ نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے ۔

حسینیت کا پیغام تمام عالم کے لئے ہے کیونکہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین ؓ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے اسلام کا پرچم سربلند کیا اور اسے رہتی دنیا تک کے لئے ایک عالمگیر مذہب بنایا۔

تازہ ترین