• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا نےپاکستان کو دئیے5 ہیلی کاپٹرز واپس مانگ لئے

اسلام آباد (آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کی روشنی میں امریکہ نے پاکستان کو انسداد منشیات آپریشنز کے لئے دیئے گئے پانچ ہیلی کاپٹرز واپس مانگ لئے‘ امریکی محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو 15اکتوبر تک ہیلی کاپٹرز کی واپسی کو یقینی بنانے کا کہا ہے،حکومت نے امریکہ سے ہیلی کاپٹرز واپس نہ مانگنے کے معاملے پر لابنگ شروع کردی۔

اتوار کو ذرائع کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں انسداد منشیات کے جاری آپریشنز کے لئے امریکی حکومت کی طرف سے مشرف کے دور میں پانچ ہیلی کاپٹرز فراہم کئے گئے تھے جو اے این ایف کے زیر استعمال ہیں تاہم اس کا انتظامی کنٹرول وزارت داخلہ کے پاس ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی روشنی میں پاکستان کے ساتھ جہاں دیگر شعبوں میں تعاون کو آگے نہیں بڑھایا جارہا اور پاکستان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے وہاں امریکی محکمہ داخلہ نے انسداد منشیات آپریشنز کے لئے فراہم کردہ پانچ ہیلی کاپٹرز بھی واپس مانگ لئے ہیں اور ہیلی کاپٹرز کی واپسی کے لئے پندرہ اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری داخلہ نے امریکی محکمہ داخلہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں امریکہ کو درخواست کی جائے گی کہ وہ یہ ہیلی کاپٹرز پاکستان میں رہنے دے اگر ہیلی کاپٹرز واپس کردیئے گئے تو اس سے انسداد منشیات کے لئے جاری آپریشنز متاثر ہوں گے۔

تازہ ترین