• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متنازع روسی کمپنی نے آئی فون سے سستا اسمارٹ فون بنالیا، جاسوسی اور نگرانی ممکن نہیں

کراچی (نیوز ڈیسک) روس کی ایک متنازع ٹیکنالوجی کمپنی نے ایک ایسا سمارٹ فون بنالیا ہے جو آئیفون سے سستا ہے اور اس کی جاسوسی اور نگرانی بھی ممکن نہیں۔

انفو واچ گروپ کی جانب سے بنائے گئے اس فون کو خصوصی طور پر کاروباری افراد کیلئے بنایا گیا ہے اور اس میں معلومات کو نجی رکھنے کیلئے ایسے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو صارفین کو جاسوسی سے تحفظ فراہم کریں گے۔

ٹیگا فون (TaigaPhone) کے نام سے بنائے گئے اس فون کی قیمت 12سے 15ہزار روبیل (260امریکی ڈالرز) ہے، اس میں پانچ انچ کی ٹچ اسکرین کے ساتھ دو سم کارڈ استعمال کرنے کی صلاحیت ہے جبکہ اس میں دو کیمرے بھی ہیں۔

انفو واچ گروپ کی صدر اور کیسپراسکائی اینٹی وائرس کمپنی کی شریک بانی نتالیا کیسپر اسکائی کا کہنا ہے کہ ہم نے یہ فون کارپوریٹ مارکیٹ کیلئے بنایا ہے۔ کیسپر اسکائی لیب گزشتہ چند ماہ سے امریکا میں تنازع کا باعث بنی ہوئی ہے۔ جولائی میں امریکا نے کیسپر اسکائی کا نام قابل بھروسہ سافٹ ویئرز کی فہرست سے خارج کر دیا جبکہ اس سے کچھ ہفتے قبل امریکی انٹیلی جنس حکام نے سافٹ ویئر میں سیکورٹی فیچرز کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ روسی ہیکرز اس سافٹ ویئر کو استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹرز سے ڈیٹا چراتے ہیں۔ تاہم، اس کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ ٹیگافون پہلا روسی سمارٹ فون نہیں۔ اس سے قبل 2013 میں یوٹا فون کے نام سے ایک ڈیوائس متعارف کرائی جا چکی ہے۔ کمپنی کے ترجمان گریگری واسیلیف کا کہنا ہے کہ روس میں ڈیٹا کا آدھے سے زیادہ نقصان موبائل فونز کے ذریعے ہوتا ہے، ہم یہ مسئلہ ٹیگافون کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین