• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی، توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کی استدعا

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،اے پی پی)الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ پیر کوچیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت سے متعلق پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر کی درخواست کی سماعت کی۔

عمران خان کی جانب سے وکیل بابراعوان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور استدعا کی کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان سے تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کی درخواست پر27 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت سے متعلق اکبر ایس بابر کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل بابراعوان نے الیکشن کمیشن سے عمران خان کو بھیجا گیا شوکاز نوٹس بھی ختم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے کیس کو بھی دیگر کیسز کی طرح سناجائے۔

اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو معافی کیلئے 13 مواقع دیئے گئے لیکن ان کی جانب سے معافی کا ایک لفظ بھی نہیں کہا گیا۔سماعت کے دوران اکبر ایس بابر نے ایک اور درخواست جمع کرائی جس میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کے وکیل نے ہائیکورٹ میں کہا کہ عمران خان اداروں کا احترام کرتے ہیں لیکن اسی دن انہوں نے کراچی میں کہا کہ الیکشن کمیشن نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کا ہے۔الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی متفرق درخواستوں پر عمران خان کو 27 ستمبرکو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کے جواب کا 27 ستمبر کو جائزہ لیا جائیگا جس کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔دریں اثناء عمران خان نے توہین عدالت کیس میں تحریری جواب جمع کرادیا جس میں کہا گیا ہے کہ میں الیکشن کمیشن کا احترام کرتا ہوں،آئینی اداروں کی بالادستی پر یقین رکھتاہوں۔عمران خان نے الیکشن کمیشن سے براہ راست معافی تو نہیں مانگی تاہم 4صفحات پرمشتمل جواب میں اپنے وکیل کے جمع کرائے گئے معافی نامہ کی مکمل تائید کی ہے۔ بابراعوان کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ ثقلین حیدرایڈووکیٹ الیکشن کمیشن سےغیرمشروط معافی مانگ چکے ہیں۔

ثقلین حیدرعمران خان کی جانب سے ہی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تھے۔ لہٰذا شوکاز نوٹس واپس لیتے ہوئے توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جائے۔ اکبر ایس بابرکی جانب سے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کی مخالفت کی گئی۔عمران خان کا تحریری جواب تسلیم کرلیا جائے گا یا پھر توہین عدالت کی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گااس پر الیکشن کمیشن 27 ستمبر کو فیصلہ کریگا۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے جہلم اور ساہیوال کے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان اور حمزہ شہباز کو نوٹس جاری کیا تھاتاہم حمزہ شہباز نے الیکشن کمیشن سے غیرمشروط معافی مانگ لی تھی۔توہین عدالت کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے تضحیک آمیز الفاظ کے خلاف آج پھر درخواست جمع کرائی ہے جو شخص اپنی غلطی تسلیم نہیں کرتا وہ کسی صورت قیادت کا اہل نہیں ہے۔عمران خان نےآج بھی غیرمشروط معافی نامہ جمع نہیں کرایا۔

عمران خان نے پی ٹی آئی کو اپنے تکبر اور"میں" کے سبب داؤ پر لگایا ہے۔آئی این پی کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے عمران خان کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم آپ کی بحث 3 سال سے سن رہے ہیں، آپ باہر زیادہ بحث کرتے ہیں، جو جواب آپ نے جمع کرایا ہمیں یہی چاہئے تھا۔

تازہ ترین