• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبہ نہ چلاسکنے والا ملک کیا چلائے گا، متحدہ سے بات کرکے عمران نے تھوکا ہوا چاٹا

Todays Print

سکھر/پنوعاقل (بیورو رپورٹ؍ نامہ نگار) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جو صوبہ نہیں سنبھال سکا وہ ملک کو کیا سنبھالے گا، اگر ایم کیوایم ملک دشمن تھی تو ان کے ساتھ کیوں بیٹھ رہے ہیں؟ یا تو عمران خان ٹھیک تھے یا ایم کیو ایم ۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ایم کیو ایم سے ووٹ کیلئے تھوکا ہوا چاٹ رہےہیں، عمران خان پہلے ایم کیو ایم اور کراچی والوں کی جو دل آزاری کی اس پر معافی مانگیں، پھر ان کے گھر جائیں، عمران خان کے اقدام نے ہمیشہ نواز شریف کو مضبوط کیا ، تقسیم اپوزیشن حکومت کو مضبوط کرتی ہے۔ وہ سکھر میں اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا واپسی کا فیصلہ اچھا ہے، نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے ڈیل کا پتہ ہوتو میں سب سے پہلے میڈیا کو بتاؤں گا،یہ عمران خان بتا سکتا ہے کہ ڈیل ہے یا نہیں ہے۔

سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ بھارتی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی طالبان کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی”را“ ہے، اب یہ چیزیں اٹھا کر دفتر خارجہ بھاگے اور دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں پڑوسی ممالک ہمارے مخالف کھڑے ہیں ہمیں اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی ہوگی، سیاسی جماعتوں کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کی اپنی پالیسی ہے، ایک جانب وہ تحریک انصاف سے مل رہے ہیں اور دوسری جانب انہوں نے ووٹ مسلم لیگ ن کو دیا ہے، عمران خان قائد حزب اختلاف کو ہٹانے کا شوق پورا کرلیں۔

تازہ ترین