• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کو گرفتار کرنے کا حکم، 26 اکتوبر کو پیش کیا جائے،الیکشن کمیشن، فیصلہ چیلنج کرینگے، تحریک انصاف

Todays Print

اسلام آباد( طاہر خلیل) الیکشن کمیشن نے غیرملکی فنڈنگ کیس میں توہین عدالت پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار جاری کردئیے۔ توہین عدالت کیس میں انہیں گرفتارکرکے 26 اکتوبر کوپیش کرنے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں فیصلہ سنادیا۔ عمران خان شو کاز نوٹس کے باوجود الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ توہین عدالت پر نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہیں۔26 اکتوبر کو عمران خان کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت درخوا ست پر3-2 کی اکثریت سےمختصر فیصلہ سنادیا۔

پنجاب اور سندھ کے ارکان نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی مخالفت جبکہ چیف الیکشن کمشنر، کے پی اور بلوچستان کے ارکان نے حمایت کی۔ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کی ۔ شاہد گوندل نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہو گا کہ دو ممبران نے ہمارے جواب کو مسترد کیا ہے یا منظور کیا ہے،الیکشن کمیشن کے عمران خان کے جاری کردہ نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری غیر آئینی ہیں ،ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔درخواست گزار اکبرایس بابرکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے آئینی ادارے کی عمران خان نے بارہا تضحیک کی ہے،عمران خان پاکستان میں انار کی پھیلانے کے چکر میں ہیں، ہم سمجھتے ہیں الیکشن کمیشن نے اہم فیصلہ دیا ، اس فیصلہ سے الیکشن کمیشن مضبوط ہو گا۔جس ادارے سے عمران خان کے خلاف کاررو ا ئی ہوتی ہے اس ادارے کو عمران چیلنج کردیتے ہیں۔عمران خان نے غیر ملکی فنڈنگ کیس کے جواب میں الیکشن کمیشن کو متعصب قرار دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے کراچی ائیر پورٹ پر عمران خان کی الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز گفتگو کا نوٹس لینے کی درخواست پر بھی ان سے جواب طلب کرلیا ۔سماعت 26 اکتوبر کوہوگی۔

تازہ ترین