• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا حالیہ بیان مثبت‘امریکا کوہمارانکتہ نظربہترلگا‘خواجہ آصف

Todays Print

سیالکوٹ(ایجنسیاں)وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان مثبت ہے ، سمجھتا ہوں کہ امریکہ کو ہمارانکتہ نظر بہتر لگا ، اس ماہ امریکی وزیر داخلہ اور خارجہ دونوں پاکستان آرہے ہیں جس سے مزید بہتری آئے گی، پاکستان کا امریکہ سے کئی سالوں سے تعاون جاری ہے جس کا ہمیں نقصان ہوا ہے فائدہ نہیں۔ اتوارکو سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہناتھاکہ چند سیاسی عناصر چاہتے ہیں کہ عوام کے ذریعے جمہوری فیصلے نہ ہوں‘یہ عناصر کبھی جی ایچ کیو اور کبھی عدلیہ کے باہر چھابڑی لگا لیتے ہیں‘ خیر اور اقتدار مانگنا ہے تو عوام سے مانگیں،بہت سارے ٹیکنوکریٹس اس وقت ہاتھوں میں اپنی سی وی لیے کھڑے ہیں ،یہ لوگ معاشرے کا ناسور ہیں‘ فیکٹری کا نہ بکنے والا دو نمبر مال ہیں‘ مجھ پہ تنقید ہوئی کہ اپنا گھر صاف ہونا چاہیے تو پھر نیشنل ایکشن پلان کیوں بنایا۔

نیشنل ایکشن پلان کے دو حصے سے ہیں ایک وہ جس میں فوج نے کامیابی سے کام کیا‘دوسرے حصے میں وفاق اور صوبائی حکومتوں نے اپنا کردار ادا کرنا تھا جو پہلے جیسا نہیں میرے خیال سے دونوں مل کر چلتے تو مجھے آج یہ بیان دینے کی ضرورت نہ پڑتی۔دریں اثناءوفاقی وزیر خارجہ اور وزیر بلدیات پنجاب محمد منشاءاللہ بٹ نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ سیالکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں شہریوں نے مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کے متعلق در پیش مسائل سے وزراءکو آگاہ کیا جس پر وفاقی وصوبائی وزیر نے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے مقامی حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری افسران فرض شناسی سے فرض منصبی انجام دیں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مربوط لائحہ عمل تشکیل دیں۔

تازہ ترین