• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرسیداحمدخان نےنئے حالات کے ساتھ باعزت سمجھوتا کرنا سکھایا، مقررین

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ سرسید احمد خان نے ہمیں نئے حالات کا مقابلہ کرنا اور نئے حالات کے ساتھ با عزت سمجھوتا کرنا سکھایا۔وہ اپنے اہل ِ وطن خصوصاََ مسلمانوں کو نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہتے تھے۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ اُردو کے زیر اہتمام اور ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان اور انجمن ترقی اُردو کے اشتراک سے سرسید احمد خان کے دوسوسالہ یوم پیدائش کے موقع کلیہ فنون اورسماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقدہ تین روزہ بین الاقوامی یادگاری کانفرنس بعنوان: ’’ادب ،تاریخ اور ثقافت : جنوب ایشیائی تناظر اور سرسید احمد خان‘‘ کی افتتاحی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی،شہید محترمہ بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ انجمن ترقی اُردو کی ڈاکٹر فاطمہ حسن بھی موجود تھیں۔ جامعہ کراچی کے پاکستان اسٹڈی سینٹر کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جعفر احمد نے کہا کہ سرسید احمد خان دوصدیوں کے درمیان ایک معنوی پل ہی کی حیثیت نہیں رکھتے بلکہ وہ مشرق اور مغرب کے درمیان ایک مکالمے کا نام بھی ہیں۔تقریب میں خطبہ استقبالیہ پروفیسر ڈاکٹر تنظیم الفردوس نے پیش کیا، نظامت کے فرائض ڈاکٹر رخسانہ صبا نے جبکہ کلمات تشکرڈاکٹر راحت افشاں نے اداکئے۔
تازہ ترین