• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسینی استقامت اپناکر معاشرتی ناہمواریوں کیخلاف کھڑاہونا ہوگا، مقررین

برمنگھم (ابرار مغل) شہداء کربلا کی اسلام کی بقاء کیلئے دی گئی قربانیوں کا تقاضہ ہے کہ امت مسلمہ کا ہرفرد حسینی استقامت اور شجاعت شبیری اپنا کر معاشرتی ناہمواریوں، بے انصافی اور ظلم کے خلاف اٹھ کھڑا ہو۔ حق و باطل کا تاریخ ساز معرکہ اب قیامت تک جاری رہے گا، ہر دور کے اندر یزیدی ٹولہ موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی اعظم مفتی گل رحمٰن قادری کی صدارت میں منعقدہ محفل شہداء کربلا سے آستانہ عالیہ بھیرہ شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیرمحمد طیب الرحمٰن قادری نے مرکزی جامع مسجد قادریہ ٹرسٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس محفل سے سید فاروق حسین شاہ، پیراحمد زمان جماعتی نقشبندی، قاری عبدالرئوف نقشبندی، حافظ محمد ناصر صدیقی نقشبندی، علامہ حاجی محمد رمضان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ قاری محمد علی، حافظ محمد قاسم صدیق، محمد بلال نوشاہی، خالد حسین چشتی، قاری تنویر اقبال نے نذرانہ عقیدت بحضور سرور کونین پیش کیا۔ صدر محفل مفتی گل رحمٰن قادری نے کہا کہ کربلا کے میدان میں حسینی لشکر نے اسلام کی تجدید کرکے قیامت تک حق اور باطل کے درمیان فرق واضح کردیا ہے۔ صاحبزادہ پیرمحمد طیب الرحمٰن قادری نے کہا کہ ہمیں کردار حسین کو اپنا کر زندگی کے میدان میں مثبت تبدیلیوں کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ دیگر مقررین نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تعلیمات نبویؐ اور قرآن و سنت کے فروغ اور اپنی نوجوان نسل سے روشناس کرانے کیلئے ایسی محافل اور مجالس کا انعقاد وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے۔ اس موقع پر جامع قادریہ ٹرسٹ سے حفظ قرآن کرنے والوں کی دستار بندی بھی کی گئی۔ صاحبزادہ پیرطیب الرحمٰن نے کہا کہ ایسے والدین خوش نصیب ہیں جن کے بچے برطانوی معاشرے میں رہ کر بھی حفظ قرآن اور اسلامی تعلیمات حاصل کرتے ہیں۔ آخر میں مفتی گل رحمٰن قادری نے خصوصی دعا کروائی۔
تازہ ترین