• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر کے حکمران حکومت کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کریں

برمنگھم (پ ر) آزاد کشمیر کے حکمراں اور سیاستدان سرکاری خرچ پر قومی خزانے کا لاکھوں روپیہ یورپ کے دورہ پر خرچ کررہے ہیں۔ آزاد کشمیر کی بے اختیار حکومت کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ مظفر آباد دریائوں کا پانی مظفر آباد حکومت اور عوام کی رائے لیے بغیر ہائیڈل پروجیکٹ مکمل ہونا ان باتوں کا کھلا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار لبریشن لیگ برطانیہ کے اجلاس میں ڈاکٹر مسفر حسن، محمد لطیف ثانی ایڈووکیٹ، مرزا منصف داد ایڈووکیٹ، محمد اخلاق، محمد عمر اور دیگر نے کیا۔ لبریشن لیگ برطانیہ کا خصوصی اجلاس برمنگھم میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر مسفر حسن نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حکمران اور اراکین اسمبلی ہر چند ماہ بعد برطانیہ اور یورپ آجاتے ہیں جس سے نہ صرف ملکی خزانے کو لاکھوں روپے کا بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے بلکہ ان دوروں سے مسئلہ کشمیر کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا اور نہ ہی یہ اراکین قوم کو یہ بتانا گوارہ کرتے ہیں کہ ان دوروں سے مسئلہ کشمیر میں کیا پیش رفت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ آزاد کشمیر حکومت کی حیثیت کا کوئی تعین نہیں ہے۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ نیلم جہلم ہائیڈل منصوبے کی تعمیر میں مظفر آباد حکومت اور مقامی لوگوں کو اعتماد میں لیے بغیر تکمیل حکومت اور اسمبلی کی بے بسی ساری دنیا پر عیاں کررہی ہے۔ ان منصوبہ جات سے ضلع مظفر آباد کے عوام کو پانی کی قلت کا سامنا، جبکہ ماحولیات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا احتمال ہے۔ لطیف ثانی ایڈووکیٹ نے اجلاس کو بتایا کہ وہ ان تحفظات سے صدر جماعت کو آگاہ کریں گے۔ منصف دار ایڈووکیٹ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں لاقانونیت کا دور دورہ ہے۔ طاقتور سیاسی لوگ کمزور لوگوں کی زمینیں قبضہ کرکے بیچ دیتے ہیں۔ کوئی پوچھنے والا نہیں اور حکمران یورپ میں آکر انسانی حقوق کا ڈھول پیٹتے ہیں۔ محمد اخلاق نے تجویز کیا کہ ان تحفظات سے برطانوی کشمیریوں کو آگاہ کرنے کے لیے مہم شروع کی جائے۔ اجلاس سے محمد عمر چوہدری، محمد صادق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین