• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاستدان عدالتی احکامات مانیں‘ بالادستی تسلیم کریں،سینئروکیل

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے مارننگ شو ’’جیوپاکستان ‘‘میں عدالتی احکامات کو خاطر میں نہ لانے والی شخصیت کا ذکر کرتے ہوئے میزبانوں نے کہا کہ سیاستدان قانون پر عملداری کا جنازہ نکال رہے ہیں اس پر بات کرتے ہوئےسینئر وکیل بیرسٹر سروپ اعجاز نے کہا کہ طاقت رکھنے والوں نے کبھی پاکستان کے آئین کی بالادستی کو تسلیم نہیں کیا ۔معاشی تجزیہ کار محمد سہیل نے معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں جو گزشتہ دو ڈھائی سالوں میں تیزی نظر آرہی تھی اس میں بظاہر کچھ کمی واقع ہوئی ہے جی ڈی پی بڑھ رہی ہے ایکسٹرنل اکاؤنٹ میں کافی رسک نظر آرہا ہے اور پچھلے بیس سالوں میں یہی ایکسٹرنل اکاؤنٹ دو مرتبہ آگے جاکر جی ڈی پی کی شرح کو متاثر کر چکا ہے اس لیے خدشہ ہے کہ اس بار بھی ایسا نہ ہوجائے پاکستانی معیشت کی رفتار متاثر ہورہی ہے ۔امپورٹ کی گروتھ کو روکنے میں حکومت سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے،درآمدات روکنا ہوں گی ۔ پروگرام میں بالی وڈ اداکارہ ہیما مالنی کو 69 ویں سالگرہ پر ٹریبیوٹ پیش کیا گیا۔ ناظرین سے پسندیدگی کی سند حاصل کرنے کے بعد کامیابیوں کی نئی منزلوں کی جانب محو پرواز ہےحالات حاضرہ ہو یا شوبز کا میدان ،کھیلوں کی دنیا کا احوال ہو یا سائنس اور ٹیکنا لوجی کی داستان ،اہم شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ ہو یا سوشل میڈیا میں دھوم مچانے والی دلچسپ ویڈیوز غرض ہر عمر اور ہر صنف کے ناظرین اس پروگرام سے محظوظ ہورہے ہیں ۔عبداللہ کی شادی کی رخصت پر ہونے کی وجہ سے ہما امیرشاہ کے ساتھ پروگرام کی میزبانی کے فرائض زوہیب حسن نے ادا کیے اورثابت کردیا کہ نیوز کاسٹنگ کے علاوہ وہ پروگرام کی میزبانی بھی ان کے لیے کوئی چیلنج نہیں ہے اور انہوںنے اس ذمہ داری کو بھی بڑی خوبی کے ساتھ ادا کیا،ہما امیر شاہ نے سندھ کے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ ہمارے باسز بھی ہماری تنخواہوں میں دو سے تین سو فیصد اضافہ کردیں ،زوہیب حسن نے طنزاًکہا کہ سندھ میں تمام مسائل حل ہوگئے ہیں لوگوں کو صاف پانی ،صحت کی اعلیٰ معیار کی سہولتیں مل رہی ہیں تو ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ تو بنتا ہے ۔اسحاق ڈار کا کیس تیزی سے چل رہا ہے اور امید ہے کہ فیصلہ چھ ماہ سے پہلے ہی آجائے ۔ معروف امریکن کامیڈی سیریل سٹر ڈے نائٹ لائیو کا گزشتہ شب ریلیز ہونے والا ایڈیشن سیزن کا سب سے کامیاب ایڈیشن ثابت ہوا ہے اسکی کامیابی کی وجہ پاکستانی نژاد امریکی کامیڈین کمیل ننجیانی کی میزبانی تھی انہوںنے طنزو مزاح کے ساتھ ساتھ اسلامو فوبیہ جیسے حساس ترین موضوع پر بھی نپے تلے انداز میں بات کی ۔اسحاق ڈار کے خلاف آمدنی کے سے زائد اثاثہ جات ریفرینس کی احتساب عدالت سماعت ہوئی اس موضوع پر ایک رپورٹ بھی جیو پاکستان میں شامل تھی ۔مغربی ممالک میں نت نئی ایجادات کا سلسلہ جاری ہے اور اب کپڑوں کی سلائی بھی روبوٹس نے شروع کردی ہے جیو پاکستان میں دکھائی جانے والی اس ویڈیو میں بتایا گیا کہ روبوٹس 8گھنٹوں میں 1200ٹی شرٹ تیار کردیتے ہیں ،اکانومسٹ کی جانب سے دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں کراچی کا 60واں نمبر ہے اور ٹوکیو اس لسٹ میں تمام شہروں پر بازی لے گیا ہے اس کے بارے میں ایک رپورٹ بھی جیو پاکستان میں شامل تھی ۔پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کی آج برسی منائی جارہی ہے ،لیاقت علی خان کو 16اکتوبر1951کو لیاقت باغ راولپنڈی میں قتل کیا گیا تھا ان کے زندگی اور سیاسی خدمات کے بارے میں ایک رپورٹ بھی جیوپاکستان میں شامل تھی ۔جیو پاکستان میں پاکستان فلم انڈسٹری کی خوبصورت ترین اداکارہ صبیحہ خانم کو ان کی 82ویں سالگرہ پر شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا ،سنتوش کمار کے ساتھ ان کی جوڑی کو فلم بینوں نے بہت پسند کیا ان کی فلمی زندگی پر مشتمل ایک رپورٹ پروگرام کا حصہ تھی ۔ایک موٹر سائیکل پر پانچ افراد پر مشتمل خاندان پاکستان کی سیر پر چل پڑا ان کے سفر پر مشتمل رپورٹ بھی جیو پاکستان میں شامل تھی عرفان یونس جو پیشے کے اعتبار سے فوٹو گرافر ہیں انہوںنے اپنے ایڈونچر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے زیادہ میری وائف ایڈونچرسٹ ہے وہ ایک بہادر خاتون ہیں سفر کے دوران ہمارے ساتھ ٹیم بھی ہوتی ہے جو دوسری موٹر بائیکس پر ہوتی ہیں ہم دوران سفر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں ۔
تازہ ترین