• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ کمیٹی نے پمز کو ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی سے الگ کرنیکی منظوری دیدی

اسلام آ باد ( نیوز رپو رٹر)کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی نے پمز ہسپتال کو شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی سے انتظامی طور الگ کرنے کے بل کی منظوری دیدی۔ کابینہ کمیٹی کا اجلاس وزیر قانون زاہد حامد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی خواجہ ظہیر ، سیکرٹری کابینہ ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ،سیکرٹر ی قانون اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کمیٹی ممبران کو بریفنگ دی اور بل سے متعلق سوالوں کے جوابات دئیے اور بتایا کہ مجوزہ بل کو کابینہ کے آئندہ اجلا س کے ایجنڈے پر لانے کی کوشش کریں گے،۔ڈاکٹر طارق فضل کی خصوصی درخواست پر یہ معاملہ کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل کیا گیا اور بل کے تمام پہلووں پر تفصیلی گفتگو کے بعد بل کو کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔کا بینہ کمیٹی کی منظوری پر وزیر مملکت برائے کیڈ نے کہا کہ مجوزہ بل کو کابینہ کے آئندہ اجلا س کے ایجنڈے پر لانے کی کوشش کرینگے۔
تازہ ترین