• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر کسی بھی قسم کی قدغن نہیں،گورنر سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت اظہار رائے کی آزادی پر بھرپور یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ میڈیا مکمل طور پر آزاد ہے اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر کسی بھی قسم کی قدغن نہیں کیونکہ حکومت سمجھتی ہے کہ کسی بھی جمہوری معاشرے کے قیام اور فروغ کیلئے آزاد میڈیا بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے پانچ رکنی وفد سے گورنر ہا ئو س میں ملاقات کے دوران کیا۔ جس کی قیادت سی پی این ای کے جنرل سیکریٹری اعجاز الحق کررہے تھے۔ وفد کے دیگر اراکین میں عامر محمود، اکرام سہگل، ڈاکٹر جبار خٹک اور مقصود یوسفی شامل تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کی تیزی سے ترقی اور ٹی وی چینلز کی فراوانی کی وجہ سے بعض اوقات خبر کی تصدیق نہیں ہوپاتی جس کی جانب توجہ دئیے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب حقائق پر مبنی اور اصولوں پر استوا ر خبر ناظرین اور قارئین تک پہنچانا ہونا چاہئے۔ کیونکہ میڈیا میں کہی اور لکھی جانے والی بات عوام پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتی ہے اور اسی سے رائے عامہ ہموار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کا کام غیر جانبداری سے حقائق کا تجزیہ کرکے اسے عوام کے سامنے رکھنا ہونا چاہئیے تاکہ وہ اس کی صحیح یا غلط ہونے کا فیصلہ کرسکیں۔
تازہ ترین