• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن ریفرنس، ڈار کے وکیل اورنیب پراسیکیوٹر میں تلخی، حاضری سے استثنیٰ کی استدعا مسترد

Todays Print

اسلام آباد (صباح نیوز،آ ئی این پی ) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت وکیل صفائی اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔ احتساب عدالت کے جج نے اسحق ڈارکو حاضری سے ایک روزکیلئے استثنیٰ دینے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ گواہوں پر جرح ملزمان کی موجودگی میں ہونی چاہیے تاکہ کل کو کوئی اعتراض نہ کیا جا سکے۔ پیر کے روز دوران سماعت اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث نے نیب کے تیسرے گواہ طارق جاوید پر جرح مکمل کر لی جبکہ عدالت نے دوگواہوں مسعود غنی اور عبد الرحمن گوندل کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔

پیر کے روز جب اسحاق ڈار کے خلاف نیب کی جا نب سے سپریم کورٹ کے حکم پر دائر غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت شروع ہوئی تو اسحاق ڈار کمرہ عدالت میں موجود تھے تاہم ان کے وکیل خواجہ حارث کی سپریم کورٹ آف پاکستان میں مصروفیت کے باعث کیس کی سماعت دن 12 بجے تک ملتوی کر دی جبکہ خواجہ حارث کے جونیئر وکیل کی جانب سے اسحاق ڈارکو حاضری سے ایک روز استثنیٰ دینے کی بھی درخواست احتساب عدالت کے جج نے مسترد کر دی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ گواہوں پر جرح ملزمان کی موجودگی میں ہونی چاہیے تاکہ کل کو کوئی اعتراض نہ کیا جا سکے۔

تاہم 12 بجے کے قریب اسحاق ڈار اور خواجہ حارث عدالت پہنچ گئے اور ریفرنس پر دوبارہ سماعت کا آغاز ہوا تو اسحاق دار کے وکیل نے استغاثہ کے گواہ طارق جاوید پر جرح کی طارق جاوید نے ہیڈ آفس کے ساتھ ہونے والی ای میل خط و کتابت کا ریکارڈ عدالت میں جمع کروایا۔

تازہ ترین