• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق چیف جسٹس اجمل میاں میوہ شاہ قبرستان میں سپرد خاک

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق چیف جسٹس پاکستان اجمل میاں پیر کی صبح طویل علالت کے بعد 83 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ مرحوم 1999 میں اپنے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے، ان کی نمازجنازہ اور تدفین میں معروف شخصیات نے شر کت کی،ا جمل میاں نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے جہاں ان کا پیر کی صبح انتقال ہوا، ان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر جامع مسجد مصطفی ڈیفنس فیز ون میں ادا کی گئی بعد ازاں انہیں میوہ شاہ قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

نماز جنازہ میں جسٹس عرفان سعادت، جسٹس عقیل عباسی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس (ر) فاروق احمد شاہ، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شہاب سرکی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سعید غنی اور ڈاکٹر ادیب رضوی سمیت مرحوم کے عزیز واقارب، وکلاء، سیاسی، سماجی رہنمائوں سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سابق چیف جسٹس اجمل میاں کی وفات کے بعد سندھ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں عدالتی امور معطل کر دئیے گئے ۔ جسٹس ریٹائرڈ اجمل میاں چار جولائی 1934 کو دہلی میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کی ۔ 1953 میں جامعہ کراچی سے اکنامکس اور پولیٹیکل سائنس میں گریجویشن کیا ۔ 1957میں لندن سے بار ایٹ لا کیا ۔

پاکستان واپسی پر انہوں نے پریکٹس شروع کر دی ۔ جسٹس ریٹائرڈ اجمل میاں چار ستمبر 1986 کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقرر ہوئے ۔ پھر 12 دسمبر 1989 کو سپریم کورٹ کے جج بن گئے ۔ جسٹس اجمل میاں کی 23 دسمبر 1997 کو چیف جسٹس آف پاکستان تقرری کی گئی ۔ وہ 30 جون 1999 کو عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے ۔ مرحوم کے دو بیٹے ڈاکٹر اور ایک چارٹرڈ اکائونٹنٹ ہیں جبکہ ایک بیٹی ہے ۔علاوہ ازیں سابق چیف جسٹس آف پاکستان،جسٹس اجمل میاں کے انتقال کے باعث چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے عدالتی امور معطل کردیے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثاراور دیگر اہم شخصیات نے جسٹس اجمل میاں کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین