• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ بار ہائوسنگ سوسائٹی کیس سے متعلق 2012ءکا ریکارڈ طلب

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن ہائوسنگ سوسائٹی سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران مقدمہ سے متعلق 2012ءکا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی ہے۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سوموار کے روز مقدمہ کی سماعت کی تو سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر رشید اے رضوی اور جنرل سیکرٹری آفتاب باجوہ سمیت متعدد عہدیدار اور دیگر فریقین پیش ہوئے ۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ آج کل یہ کیس خبروں میں بہت آ رہا ہے،ہم ان باتوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آج پہلی بار اس بینچ میں شامل ہوئے ہیں اور انہیں کیس کا پس منظر معلوم نہیں ہے کہ زمین کے حصول کے معاملات کہاں تک پہنچے ہیں؟جس پررشید اے رضوی نے بتایا کہ ہم نے کورٹ کے گذشتہ آرڈر پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ ہمیں گزشتہ آرڈر کی کاپیاں فرا ہم کر یں تاکہ کیس کو سمجھ سکیں ، اس پر رشید رضوی نے کہا کہ ا س وقت وہ کاپی موجود نہیں ہے، بعد ازاں فاضل عدالت نے مقدمہ سے متعلق 2012کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

تازہ ترین