• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس افسر کو تھپڑمارنے پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب عہدے سے فارغ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)احتساب عدالت اسلام آبادمیں مریم نواز کی پیشی کےموقع پرہونےوالی ہنگامہ آرائی کےدوران پولیس افسر شکیل کو تھپڑ مارنے والے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خاوراکرام بھٹی کوعہدے سےفارغ کردیا گیاہے۔ذرائع کےمطابق واقعہ کا وزیر اعلی پنجاب شہبار شریف نے نوٹس لیا تھا۔پیر کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عباد الرحمٰن لودھی نے خاور اکرام بھٹی کو اپنی عدالت میں بیٹھنے سےروک دیا تھا۔جس کے بعد وزیراعلی پنچاب کےحکم پر سیکرٹری قانون پنجاب نے خاور اکرام بھٹی کوہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ فاضل ایڈوکیٹ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عباد الرحمٰن لودھی کی عدالت میں لیگل آفسیر کی حیثیت سے مامور تھے ۔ پیر کو فاضل عدالت میں مقدمات کی سماعت سے قبل ہی جسٹس عبادالرحمٰن لودھی نے خاور اکرام بھٹی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہونے سے منع کر دیاتھا۔ عدالتی ذرائع کے مطابق پولیس افسر کوتھپڑمارنے کا جسٹس لودھی نے نوٹس لیا اورکہا کہ ریاستی افسران کو تھپڑ مارنا کسی سرکاری وکیل کو زیب نہیں دیتا ۔ سرکاری وکیل ریاست کے ملازم ہوتے ہیں نہ کہ سیاسی جماعت کے اور ایک سرکاری وکیل کا پولیس افسر کو تھپڑ مارنا ریاست کی توہین ہے،پولیس افسر کوتھپڑمارنے پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب خاور اکرام بھٹی کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔لاء اینڈ پارلیمانی افیئرزکی طرف سے جاری کردہ حکم نامہ نمبر 8509 کے تحت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خاور اکرام بھٹی کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات کے پیش نظر واقع کی تحقیقات کرتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو نوکر ی سے برخاست کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا۔
تازہ ترین