• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسان اتحاد ریلی کو لاہور داخلے سے روک دیا گیا،ٹریفک درہم برہم

لاہور،چوہنگ، مانگا منڈی (نمائندہ جنگ ) کسان اتحاد کے چئیرمین چوہدری محمد انور کی قیادت میں ہزاروں کسانوں کی اتحادریلی کو لاہور داخلے سے روک دیا گیا۔ ریلی کے شرکاء کو لاہور آنے سے روکنے کیلئے پولیس نے پہلے مانگا منڈی بائی پاس پر بیرئیر لگا کر جبکہ بعد میں موہلنوال اور چوہنگ پولیس نے ای ایم ای سوسائٹی کے قریب ناکہ لگا کر روک لیا جس سے ملتان اور لنک روڈ پر آنے جانے والی ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی، گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں، ایمبولینسز بھی پھنسی رہیں اورگھنٹوں ٹریفک جام کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔قافلہ کے شرکاءنے اس موقع پر حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئےپی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کےخلاف نعرے بازی کی اورمطالبہ کیا کہ مظلوم کسانوں کامعاشی قتل فوری طور پر بند کیاجائے،گنےکےکاشتکاروں کو ان کےبقایاجات ادا کئےجائیں، ایک سال گزرنےجانے کےباوجود شوگر مل مافیا نے کسانوں کی رقم ادا نہیں کی۔چودھری انور نے کہا کہ گنے کی 3 شوگر ملز جو بہاولپور، رحیم یار خان اور مظفر گڑھ سے شمالی پنجاب میں منتقل ہو رہی ہیں، کی وجہ سے کسانوں کا گنا کون خریدے گا لہٰذا ان شوگر ملز کو اس سال ادھر کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ ان تینوں شوگر ملوں کو کرشنگ کی اجازت دی جائے کیونکہ ان ملوں کی طرف سے گزشتہ سیزن کے دوران کرشنگ بند ہونے سے اس علاقہ کے گنے کے کاشتکاروں کو بدترین استحصال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔رات گئےڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے پاکستان کسان اتحاد کے نمائندوں سے احتجاج ختم کرنے کیلئے مذاکرات کئے،وہ انہیں مال روڈ کی طرف جانے سے روکتے رہےتاہم مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے اور کسانوں نے رات ملتان روڈ پر ایک مل میں گزارنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آج ہر صورت پنجاب اسمبلی کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیں گے۔
تازہ ترین