• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موغادیشو حملہ، ہلاکتیں 300ہو گئیں، عالمی برادری کی مذمت

موغادیشو (جنگ نیوز) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں خودکش ٹرک بم حملے کے بعد تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ملبے میں سے مسلسل لاشیں نکل رہی ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد 300 ہو گئی۔ صومالیہ کے وزیر اطلاعات عبدالرحمٰن یاریسو نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز کیے گئے ٹرک بم حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 300تک پہنچ گئی ہے اور اس تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ وزیر کے مطابق اس حملے میں 300سے زائد افراد زخمی بھی ہیں۔دوسری جانب امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور فرانس کے رہنمائوں نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت انسداد دہشت گردی کے لیے صومالی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئلمیکغوں نے صومالیہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔ انہوں نے افریقی یونین کی طرف سے دہشت گرد گروہوں کے خلاف جاری کارروائیوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔ افریقی یونین کمیشن کے چیرمین موسیٰ فکی محمد نے صومالی حکومت کو کہا ہے کہ وہ اس نازک وقت میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرتی تقسیم پر قابو پائے۔واضح رہے کہ صومالیہ کے آرمی چیف اور وزیر دفاع نے اس خوفناک بم دھماکے سے دو روز قبل جمعرات کے روز اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔انہوں نے اپنے استعفوں کی وجہ نہیں بتائی مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اعلیٰ قیادت کیخلاف اختلافات کے بعد دونوں مستعفی ہوئے ۔
تازہ ترین