• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی معیشت کی ترقی میں کراچی مرکزی کردار ادا کررہا ہے،محمدزبیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر محمد زبیر نے کہا ہےکہ قومی معیشت کی ترقی میں کراچی مرکزی کردار ادا کررہا ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں سرمایہ کاری ، تجارتی ، ثقافتی ، سماجی ،صنعتی اور دیگر سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے، فلپائنی سرمایہ کار بھی شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کاری کریں انھیں فوری اور مطلوبہ نتائج سے بڑھ کر منافع یقینی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں فلپائن کے ادویات کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے وفد سے ملاقا ت میں کیا ۔ ملاقات میں پاک فلپائن دو طرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری ، تجارت کو مزید بڑھانے ، فلپائن میں پاکستانی ادویات کی مانگ سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سینیٹر عبد الحسیب خان اور فار ما سوٹیکل مینوفیکچر رزکے عہدیداروں بھی شریک تھے ۔دریں اثنا پاکستان نیشنل شپنگ کا رپوریشن کے چیئر مین عارف الٰہی نے بھی گورنر سندھ سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔اس موقع پرگورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں قدرتی بندرگاہ کے باعث تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے اور اس کے تسلسل کے لئے کارگو سروسز کمپنیاں اہم خدمات انجام دے رہی ہیں جن میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن سرفہرست ہے۔ ملاقات میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافے ، شپنگ کے مسائل اور حائل رکاوٹوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ درآمدات و برآمدات میں اضافہ شپنگ کی کارکردگی پر منحصر ہے ، بروقت سامان کی ترسیل سے مطلوبہ نتائج کا حصول یقینی ہے اس ضمن میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید فعال کرنا ہوگا ،گودام اور سامان رکھنے کے لئے مخصوص جگہ کا تعین اہم ثابت ہو سکتا ہے ۔
تازہ ترین