• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹبال رینکنگ:سپینش ٹیم کی ٹاپ10میں واپسی

پیرس (نیوز ڈیسک)سابق ورلڈ چیمپئن اسپین نے فیفا کی نئی رینکنگ میں 3درجے ترقی ملنے پر ٹاپ ٹین میں واپسی اختیار کرلی، فرانس نے بھی ایک درجے بہتری ملنے پر ساتویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا، میگاایونٹ سے باہر ہوجانے والی نیدرلینڈز نے 9درجے کی چھلانگ لگا کر ٹاپ20میں رسائی حاصل کرلی، موجودہ رینکنگ ہی یکم دسمبر کو ماسکو میں شیڈول فٹبال ورلڈکپ 2018ء ڈرا میں ملحوظ خاطر رکھی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو جاری کردہ فیفا کی نئی عالمی رینکنگ میں جرمنی نے ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی، برازیل کی ٹیم دوسرے نمبر پر براجمان ہے، پرتگال نے تیسری پوزیشن پر قدم جمائے رکھے، موجودہ رینکنگ ہی یکم دسمبر میں شیڈول فٹبال ورلڈکپ 2018ء ڈرا میں ملحوظ خاطر رکھی جائے گی، ارجنٹائن نے چوتھی، بیلجیم نے پانچویں اور پولینڈ نے چھٹی پوزیشنز برقرار رکھیں، فرانس ترقی کا ایک زینہ طے کرکے ساتویں نمبر پر آگیا، تین درجے کی ترقی نے اسپین کو آٹھویں پوزیشن پر پہنچادیا، ورلڈ چیمپئن سائیڈ نے ٹاپ ٹین میں واپسی بھی اختیار کرلی، چلی نے نویں پوزیشن قائم رکھی، پیرو 2درجے بہتری پانے کے بعد ٹاپ ٹین کا آخری شریک بن گیا، سوئٹزرلینڈ 4درجے تنزلی کے بعد11ویں نمبر پر چلاگیا، انگلینڈ نے 3درجے بہتری ملنے پر 12ویں پوزیشن ہتھیالی، کولمبیا کی ٹیم 3درجے تنزلی کے بعد 13ویں نمبر پر چلی گئی، ویلز نے 14ویں پوزیشن پائی، اسے ایک درجے تنزلی کا سامنا رہا، اٹلی ترقی کے 2زینے طے کرتے ہوئے 15ویں نمبر پر فائز ہوگیا، میکسیکو کو 16ویں نمبر پر اکتفا کرنا پڑا، اسے دو درجے تنزلی کا سامنا رہا، یوروگوئے 1درجے تنزلی کے بعد 17ویں نمبر پر چلاگیا، کروشیا نے 18ویں پوزیشن سنبھالے رکھی، ڈنمارک نے ترقی کے 7اور نیدرلینڈز نے 9درجے ترقی کرتے ہوئے بالترتیب 19اور20ویں پوزیشنز پر حق جتایا، شمالی آئرلینڈ تین درجے تنزلی کے بعد 23ویں نمبر پر چلاگیا، 2درجے پستی نے سوئیڈن کو 25ویں پوزیشن پر پہنچادیا، جمہوریہ آئرلینڈ 8سیڑھیاں طے کرتے ہوئے 26ویں نمبر پر براجمان ہوگیا، یونان نے 47ویں پوزیشن پر قبضہ قائم رکھا، آئندہ برس ورلڈکپ کا میزبان روس ایک درجے تنزلی کے بعد 65ویں نمبر پر چلاگیا۔
تازہ ترین