• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی انتخابات کرائیں گے، آزادکشمیر حکومت حق خودارادیت کے مسئلہ پر ذمہ دارانہ کردار اداکرتی رہے گی،راجہ فاروق حیدر

لوٹن (شہزاد علی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نےکہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بنیادی طور پر حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ ہم نے دورہ یورپ میں واضح کیا ہے کہ کشمیری کوئی دہشت گرد نہیں ہیں بلکہ ان کی جدوجہد آزادی کے حصول کے لئے ہے اور آزادکشمیر حکومت اس مسئلہ پر اپنا ذمہ دارانہ کردار ہر لحاظ میں نبھانے گی۔ وہ پیر کی شب لوٹن میں پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔جس میں برطانیہ کےکئی علاقوں سے عمائدین کی کثیر تعداد انہیں سننے کے لیے موجود تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ یورپ سیر سپاٹے کے لیے نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کے لیے گئے تھے ۔ ہم نے یورپ میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں کوئی بھی دہشت گردوں کا کیمپ نہیں۔ بلکہ مہاجرین کے کیمپ ہیں۔انہوں نے کہ وہ ان پولیٹیکل ورکرز کو سلام پیش کرتے ہیں جو جمہوریت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوور سیز کمیونٹی سے رابطہ رکھنے کی ضرورت ہے جہاں موقع ملا میں کارکنوں کو ایڈجسٹ کروں گا، لیکن پی پی سابق حکومت کی طرح کے اقدامات نہیں کر سکتا ۔ اوورسسیز کشمیریوں پر زور دیا کہ آپ نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے بہت سارے کام کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف پاکستان ہمدرد ہے اب البتہ ترکی نے بھی آواز بلند کرنی شروع کی ہے۔ کشمیر میں پیلٹ کا استعمال کیا جا رہا ہے آٹھ آٹھ سال کے بچوں کو گولیاں مار دی گئیں۔ آخر ان معصوم بچوں کا کیا قصور تھا؟ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بہت قربانیاں دی ہیں اور یہ آزاد کشمیر اور ڈائیسفرا پر بہت ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کریں، تحریک آزادی کشمیر چاہے وہ کوئی بھی کشمیری رہنما لیڈ کریں وہ ان کے پیچھے چلیں گے۔ آزادکشمیر میں گورنس کے حوالے انہوں نے کہا کہ اوپر کی سطح پر انہوں نے کرپشن کو روک دیا ہے اور جب اوپر کی سطح کے لوگ رشوت نہیں لیں گے اس وقت نچلے طبقے کو بھی بدعنوانی کی جرات نہیں ہوگی۔ وزیراعظم نے اپنی حکومت کی ترجیہات کو تفصیل کے ساتھ بیان کیا اور ان حوالوں سے رکاوٹوں اور مشکلات کا بھی ذکر کیا، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانے ہیں اس متعلق یقین رکھیں پراسیس البتہ طویل ہے۔ایکٹ 1974 کے حوالے واضح کیا کہ وہ اس حوالے اپنے ماضی کے خیالات پر قائم ہیں۔ آزادکشمیر کے حوالے بعض شرکاء کے متعدد مطالبات پر انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کا برطانیہ سے موازنہ اس لحاظ سے درست نہیں کہ برطانیہ کا جی ڈی پی تو تمام اسلامی ممالک سے بھی زیادہ ہے جبکہ آزاد کشمیر تو ایک چھوٹا سا خطہ ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ قربان حسین نے کہا کہ کشمیر ان کے دل کے قریب ہے وہ اس مسئلہ کو اٹھانے کے لیے وزیراعظم آزاد کشمیر کی بھرپور معاونت کے لیے تیار ہیں اور برٹش پارلیمنٹ میں جو مدد ہو سکی مہیا کریں گے۔ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر یورپی زبانوں میں لٹریچر بنوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین میں پاکستان کا سب سے زیادہ ہمدرد برطانیہ ہے اب بریگزٹ کے بعد پاکستان کو یورپ میں نئے ہمدرد بنانے پر توجہ مبذول کرنی ہوگی، انہوں نے کہا کہ یہ نہایت خوش آئند بات ہے کہ آج یہاں پر حسب روایت مختلف جماعتوں اور برادریوں سے عمائدین موجود ہیں تاہم ضروری ہے کہ ان تقریبات میں بامقصد گفتگو کی جائے۔ اپنے علاقے راج دہانی چڑھوئی کے حوالے انہوں نے وزیراعظم کی توجہ دلائی کہ اس سال ایف اے کا ایک طالب علم بھی پاس نہیں ہوا اور زور دیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے سرکاری اداروں کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ میئر لوٹن کونسلر چوہدری محمد ایوب نے کہا کہ کارکن کسی بھی جماعت کا بہت اثاثہ ہیں ن لیگ برطانیہ کے کارکنوں کو جماعت کے لیے جدوجہد کا کریڈٹ جاتا ہے اور کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ کو پرفارمنس سے جانچا جائے گا۔ سنیئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑے۔ ن لیگ کی آزاد کشمیر حکومت یہ ذمہ داری پوری کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کا فیصلہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ پہلے یورپی یونین میں کشمیری لیڈروں کی رسائی تھی انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام اور حریت کانفرنس کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یورپی یونین اور برطانیہ کے اندر کشمیری ڈائیسفرا کا بہت بڑا کردار ہے انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے خلاف متحد ہو کر کام کریں گے ۔ صدر پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ زبیر گل نے کہا کہ پاکستان پر نہایت مشکل وقت ہے کہ ن لیگ حکومت کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں انہوں نے اس مشکل وقت میں میاں نواز شریف کا بھرپور ساتھ دینے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے کردار کو سراہا اوورسیز ایم ایل اے راجہ جاوید اقبال نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک جیل خانہ کی صورت اختیار کر گیا ہے اس ظلم پر وزیراعظم نے یورپ میں آواز اٹھائی ہے اور دنیا کو باور کرایا ہےکہ کشمیر سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ حقوق انسانی کا مسئلہ ہے ۔ صدر تقریب راجہ زبیر اقبال کیانی نے یہ قراردادیں پیش کیں کہ نواز شریف کو صدر بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، احتساب کے عمل کو منصفانہ بنایا جائے، وزیراعظم کے دورہ یورپ کو سراہتے ہیں اور اوورسیز کشمیریوں کی تنظیموں کو یکجا کر کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے متحد کیا جائے اور مطالبہ پیش کیا کہ آزاد کشمیر کے جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے بلدیاتی انتخابات کرانے جائیں۔ سابق میئر اولڈھم کونسلر عتیق الرحمن نے کہا کہ آپ کےمنتخب وزیراعظم نے برسلز میں ہفتہ کشمیر درد دل سے پیش کیا یونس چھچھتڑوی نے کہاکہ پاکستان میں جو حالات میاں نواز شریف کے خلاف بنے ہیں وہ تشویش ناک ہیں راجہ اسلم آزاد نے کہا کہ کارکنوں کو ایڈجسٹمنٹ کا سلسلہ شروع کریں راجہ امجد فاروق نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان نے جو مختصر کابینہ کا قیام عمل میں لایا ہے اس پر سلام۔ لیکن ڈائسفرا کے کارکنوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ سمیرا راجہ نے کہا کہ خواتین ونگ کی طرف سے خوش آمدید کہتی ہیں اور کہا کہ ان کے ای یو کے دورہ سے مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ شملہ معاہدہ پر غور کرے کہ اس سے مسئلہ کشمیر کو دوطرفہ تنازعہ بنا دیا گیا ہے اور کہا کہ ن لیگ نے آزادکشمیر میں میرٹ کی بحالی کو یقینی بنایا ہے جبکہ سابق حکومت نے میرٹ کا استحصال کیا تھا۔ صحاف کشمیری نے کہا کہ آسیہ اندرابی اور حریت کانفرنس کے دیگر رہنمائوں کے حوالے بطور ہیڈ آف سٹیٹ آپ آواز اٹھائیں۔ پاکستان سے آزادکشمیر کے رائیلٹی امور ڈسکس کیے جائیں اور کشمیر پر کردار کو موثر بنایا جائے۔ راجہ آصف نے کہا کہ آئندہ پارٹی میں ممبر سازی کی جائے تاکہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ یہ کمرشل لیگ ہے۔ چیئرمین یورپ اینڈ ایشیا ہیومن رائٹس کمیشن راجہ محمد شبیر خان نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر اور ان کی ٹیم نے کشمیر پر یورپ میں بہتر نمائندگی کی ہے جس پر وہ انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ مرزا توقیر جرال اور سردار فاروق سیکرٹری مالیات ن لیگ نے کہا کہ کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ طارق بٹ نے کہا کہ اساتذہ کی بھرتیوں میں میرٹ کو اپنایا گیا ہے یہ احسن اقدام ہے ممبر آزاد نے کہا کہ آپ میاں صاحب کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے ہیں یہ ایک اچھے قائد کی پہچان ہے ۔ بلقیس صابر نے کہا کہ آپ نے آزاکشمیر میں تعمیر کے جال بچھا دیے ہیں ۔شعیب عابد نے ڈڈیال اور منگلا ڈیم کے مسائل اٹھائے اور میرپور کے لوگوں کے ساتھ بیوروکریسی کے ناروا سلوک بند کرانے کا مطالبہ کیا ۔ راجہ ایاز نے کہا کہ دورہ برطانیہ اور یورپ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں راجہ آصف صدر یوتھ ونگ نے کہا کہ تھوڑا بہت میرٹ شعبہ تعلیم میں نظر آیا۔لیکن واضح کیا کہ کارکنوں کو ان کی کاوشوں کاصلہ نہیں دیا گیا۔ جبکہ یوتھ کو آن بورڈ کرنے کی توقعات بھی نہیں پوری ہوئیں۔ شفیلڈ کے سابق لارڈ میر راجہ قربان ، احمد یعقوب اور راجہ افتخار کھتھیاڑوی نے بھی اظہار خیال کیا۔تقریب میں ہائی ویکمب کے سابق میئر چوہدری محمد شفیق، ڈاکٹر یاسین رحمن، بیرسٹر چوہدری عابد حسین ، پروفیسر ڈاکٹر راجہ محمد عارف خان ، بلڈنگ برجز کے راجہ اکبر داد خان اور راجہ رفیق، مسلم کانفرنس کے برطانیہ کے جنرل سیکرٹری شبیر ملک، آزاد ملک، پروفیسر چوہدری امتیاز اور راجہ محمد یعقوب خان ، کونسلرز: ریاض بٹ اور طاہر ملک ن ،تحریک کشمیر برطانیہ کے سینئر نائب صدرچوہدری محمد شریف، چیئرمین ن لیگ آزاد کشمیر اوورسیز راجہ شفیق پلاہلوی ، ن لیگ کے فرزان عزیز چوہدری ، راجہ اعتزاز نثار، سردار نفیس سرور، راجہ محمد الیاس خان، ماسٹر راجہ محمد نثار، راجہ زراعت خان ، راجہ تجمل نوابی عبدل مجید ملک، شاہد زمان، سید حسین شہید سہرور، راجہ جاوید، راجہ خالد، راجہ محمد نواز، بشارت راجہ، راجہ نعیم، اعجاز کالا، ماسٹر محمد رفیق، چوہدری وحید الرحمن، حیدر عباس، ملک اشتیاق اعوان، ہیمل ہمسٹیڈ سے راجہ عارف خان، راجہ اظہر، راجہ منور، راجہ توصیف، راجہ نوید، راجہ اشتیاق، راجہ حنیف، راجہ عجائب، پی پی کے محمد فیاض قریشی، لالہ چوہدری محمد تاج اور چوہدری نواز، اقبال کسگموی، رزاق قادی، راجہ انعام اللہ خان اور چوہدری جہانگیر سماہینی اور مذہبی شخصیت چوہدری شاہپال سمیت کثیر تعداد میں عمائدین نے شرکت کی راجہ ادریس نے نظامت کی جبکہ تلاوت قاری عجائب نے کی۔قبل ازیں وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کی ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے نذیر قریشی کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے بہنوئی کی رحلت پر فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میئر لوٹن چوہدری محمد ایوب، اوورسیز ایم ایل اے راجہ جاوید اقبال ، چوہدری محمد شریف ظفر قریشی ، سمیرا راجہ ، راجہ شاہد ، شبیر ملک، محمد فیاض قریشی اور سید حسین شہید سرور بھی موجود تھے۔
تازہ ترین