• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ء2007 کے بعد کسی دوسرے وقت کے مقابلے میں گزشتہ سال سب سے زیادہ کرائے دار لندن سے گئے

لندن (پی اے) 2007کے بعد سے کسی دوسرے وقت کے مقابلے میں گزشتہ سال سب سے زیادہ کرائے دار لندن سے گئے۔ یہ انکشاف لیٹنگ نیٹ ورک نے کیا ہے۔ کنٹری وائیڈ نے بتایا کہ گزشتہ12ماہ کے دوران تقریباً 65ہزار کرائے دار لندن سے چلے گئے جو2007میں ریکارڈ کے آغاز سے اب تک سب سے بڑی تعداد ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق78فیصد کرائےدار دارالحکومت کے باہر مکانوں میں گئے، جبکہ22فیصد نے مکان خریدنے پر لندن چھوڑا۔ کنٹری وائیڈ نے کہا ہے کہ ایک عشرے کے مقابلے میں یہ بڑی تبدیلی ہے جبکہ51فیصد نے گھر خریدنے کے لیے لندن کے باہر کسی جگہ جانے کا انتخاب کیا۔ لندن میں ستمبر میں اوسط کرایہ1712پونڈ تھا، کنٹری وائیڈ کے مطابق لندن چھوڑنے والے کرائے دار اوسطاً89میل دور گئے اور مڈ لینڈز اور شمالی انگلینڈ جانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔2007 میں31کے مقابلے میں48فیصد کرائے داروں نے نارتھ کا رخ کیا۔ بہرحال لندن کے نزدیکی قصبے بھی پاپولرز ہیں اور سلائو لندن سے جانے والوں کے لیے خاص طور پر پسندیدہ مقام رہا۔ کنٹری وائیڈ کے ریسرچ ڈائریکٹر جونی مورس نے بتایا کہ30سال سے زائد عمر کے جانے والے کرائے داروں کے لیے لندن چھوڑنا سفر کا ایک حصہ ہے۔ ایک عشرے قبل زیادہ کرائے داروں نے مکان خریدنے کے بعد لندن چھوڑا۔ تاہم 2007کے بعد سے کرائے کے مکان کے لیے لندن چھوڑنا ایک پیچیدہ عمل ہے۔ کنٹری وائیڈ کا انڈیکس90ہزار گھروں پر مبنی ہے جو وہ ہر سال دیتی ہے۔ کنٹری وائیڈ نے لندن چھوڑنے والے کرائے داروں کے لیے جگہوں کا موازنہ کیا ہے، جس کے مطابق سلائو ایک نمبر پر ہے۔ ٹھرروک دوسرے، بروکس بورن تیسرے، سینٹ البانز چوتھے، کنٹر بری5ویں، ایلم برج چھٹے نمبر پر، آکسفورڈ ساتویں، بسیلڈن8ویں آکسفورڈ شائر9ویں اور لوٹن10ویں نمبر پر ہے۔
تازہ ترین