• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز میں پاکستان وائٹ اور گرین کا دوستانہ میچ

برسلز (حافظ انیب راشد) بلجیم میں سفارت خانہ پاکستان کے تعاون سے پاکستان کی70سالہ تقریبات منانے کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے اختتام ہفتہ میں برسلز کے علاقے سکار بیک کے مقامی کلب میں ایک دوستانہ میچ کھیلا گیا جس میں دو مقامی جونیئر ٹیموں نے پاکستان وائٹ اور پاکستان گرین کے نام سے ایک دوستان میچ کھیلا، جہاں میچ سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا اور میچ سے ہونے والی تمام آمدنی بلجیم کے ہسپتالوں میں داخل بیمار بچوں کو اپنی حرکات سے خوش کرنے والی رفاعی تنظیم کلن کلائونز (Clinclowns) کو پیش کر دی گئی۔ میچ کی مہمان خصوصی پاکستانی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی تھیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان سپورٹس کی دنیا کا ایک معتبر نام ہے، جس کے بنے ہوئے فٹبال فیفا کے تمام ٹورنامنٹس میں استعمال ہوتے ہیں، اسی طرح پاکستان کے تیار کردہ کھیلوں کے ملبوسات اور کھیلوں کی اشیاء بھی اپنی مثال آپ ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے رینیسانس کلب سکار بیک کی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف پاکستانی اور مقامی کمیونٹیز کو ایک دوسرے سے ملنے کا موقع میسر آیا بلکہ شائقین کو ’’میڈ ان پاکستان‘‘ اشیاء سے بھی مزید شناسائی حاصل ہوئی۔ سفارت خانہ پاکستان نے اس میچ کے لئے بلجین وزارت خارجہ، مختلف یورپین اداروں اور یورپین ایکسٹرنل ایکشن فورس کے ارکان کو بھی مدعو کیا تھا جبکہ پاکستانی اور یورپین شائقین کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ اس موقع پر تمام مہمانوں کی پاکستانی سنیکس سے تواضع کی گئی جبکہ میچ کے شرکاء کے لئے دو پاکستانی طالب علموں شہباز غنی اور عادل سردار غنی نے گٹار پر دو قومی نغمے دل دل پاکستان اور ہے جذبہ جنوں تو ہمت نہ ہار پیش کئے۔ اس میچ کے لئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ آف پاکستان اور سیالکوٹ میں سپورٹس ویئر اور فٹبال بنانے والی ویل ٹرسٹ اور ویمبلے سپورٹس نے تعاون کیا تھا۔ آخر میں سفیر پاکستان نے قرعہ اندازی کے ذریعے میچ کے شرکاء میں پاکستانی ہینڈی کرافٹس کے5انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ایک تصویری نمائش میں پاکستان کے خوبصورت مناظر کی تصاویر کو بھی حاضرین نے بہت سراہا۔
تازہ ترین