• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، سہیل وڑائچ

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) بیرون ممالک خصوصاً برطانیہ بھر میں بسنے والے پاکستانی قیمتی سرمایہ ہیں جو مادر وطن کی معیشت کو مضبوط مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ بلامعاوضہ سفارتکار کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا دل ہر وقت پاکستان کے لئے دھڑکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے صحافی، تجزیہ نگار سہیل احمد وڑائچ نے اوورسیز پاکستانی یونٹی کے زیر اہتمام منعقد کی گئی ایک تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور سرمایہ کاری کے سنہرے مواقع میسر ہیں۔ اپ کاروباری لوگوں کو پاکستان میں سنجیدگی سے سرمایہ کاری کے لئے سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی سے مقابلہ کرنا تھا مسلح افواج اور دیگر سیکورٹی اداروں نے اس پر قابو پالیا ہے۔ شہداء کی قربانیوں کی بدولت خطۂ ایک بار پھر امن کا گہوارہ بن گیا ہے اور دشمن قوتوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔ ملک میں جمہوریت کا تسلسل رہنا چاہئے تاکہ جمہوری قدریں پروان چڑھ سکیں۔ ڈاکٹر عمار سہیل نے اپنی تنظیم OPU کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بے شمار مسائل سے دوچار ہیں مگر ان کے مسائل کو حل کرانے کے لئے وعدے تو کئے گئے لیکن سنجیدگی سے حل کرنے میں دلچسپی نہیں لی گئی۔ اس کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی۔ اس موقع پر عائشہ رسول، عامر علی، محمد رشید، ندیم احمد، محمد اسلم اور دیگر شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تازہ ترین