• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نژاد برٹش پولیس افسر شبنم چوہدری کے لئے اعزاز

لندن( نیوز ڈیسک) میٹروپولیٹن پولیس کی پاکستان نژاد تفتیشی سپرنٹنڈنٹ شبنم چوہدری کو ہیٹ کرائمز کے خلاف جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کرنے اور ہیٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے لندن کی مختلف کمیونٹیز سے رابطوں اور خاص طورپر ایسی کمیونیٹیز کی خواتین کے ساتھ رابطوں اور انھیں ہیٹ کرائمز اور گھریلو تشددکے خلاف ڈٹ جانے ، آواز اٹھانے اور اپنی زندگی کو بہتر بنانے اور پسند کے مطابق زندگی گزارنےکے حوالے سے مدد دینے کے حوالے سے ان کی خدمات اورغیر معمولی کردار پر نمبر2H8کرائم ایوارڈز 2017سے نوازا گیا۔نومبر 2016میں انھوں نے خواتین کے ایک ایونٹ کااہتمام کیاتھا جس میں 14سے25سال تک عمر کی کم وبیش 400خواتین نے حصہ لیاتھا اس موقع پر جبری شادیوں، غیرت کے نام پر تشدد جیسے مسائل پر کھل کر بحث کی گئی تھی، شبنم چوہدری پاکستان میں پیداہوئیںا ور 2سال کی عمر میں ہی اپنے والدین کے ساتھ لندن منتقل ہوگئی تھیں۔وہ نیونیہام میں مقیم رہیں اور وہیں تعلیم حاصل کی اور انھوں نے ایسٹ لندن کی تقریبا ہر برو میں خدمات انجام دی ہیں،انھوں نے خواتین کے مختلف گروپوں اورکمیونٹیز کے ساتھ مل کر کام کیاہے اور پولیس پر اعتماد بڑھانے میں اہم کردار ادا کیاہے فی الوقت وہ میٹروپولیٹن پولیس کے سکاٹ لینڈیارڈ فیتھ اورپارٹنر شپ کے شعبے کی قیادت کررہی ہیں ،اگست میں انھیں سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے اور انھیں مزید ترقی ملنے کی توقع ہے وہ ایم پیزمیں واحد خاتون تفتیش کار اور اس عہدے پر فائز واحد مسلمان خاتون ہیں۔شبنم چوہدری نے یہ اعزاز وصول کرنے کے بعد خوشی کااظہار کیااور کہا کہ یہ ایک نہ ختم ہونے والا سفر ہے لیکن جب کسی کی خدمات اورکاوشوںکاا عتراف کیاجاتاہے تو وہ خصوصی طورپر خوشی کاباعث ہوتاہے، میٹروپولیٹن پولیس کے چیف سپرنٹنڈنٹ ڈیو سٹرنگر نے اس موقع پر اپنے جذبات کااظہار کرتےہوئے کہا کہ مجھےہیٹ کرائم سے نمٹنے کیلئے شبنم کی دلچسپی اور جستجو اورکاوشوںپر فخر ہےیہ ایوارڈ ان لوگوں کیلئے ہے جو اپنی مروجہ ذمہ داریوں سے کچھ آگے بڑھ کر خدمات انجام دیتے ہیں۔ شبنم نے مختلف مواقع پر شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیاہے جس کا اعتراف کیاگیاہے۔
تازہ ترین