• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹھارہ ویں ترمیم کے باوجود بلوچستان کو حقوق نہیں ملے، لشکری رئیسانی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) بلوچستان کے سینئر سیاستدان اور سابق سینیٹر نواب لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ سی پیک سے بلوچستان کے لوگوں کے حالات میں کسی تبدیلی کی اُمید نہیں، 18 ویں ترمیم کے باوجود بلوچستان کو حقوق نہیں ملے، جس روز 18 ویں ترمیم پر دستخط ہوئے اُسی دن سے اس کی خلاف ورزی شروع ہوگئی، جلد بلوچستان کے حقوق کے لئے اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، وہ حیدرآباد میں جے یو آئی کے رہنما شمس الدین شیرانی کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔ لشکری رئیسانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے بلوچستان کے حقوق کے لئے پیپلز پارٹی سے اختلاف کیا اور سینیٹر شپ سے استعفیٰ دیا، 18 ویں ترمیم کے باوجود بلوچستان کو حقوق نہیں ملے جب تک بلوچستان کے لوگوں کو انصاف نہیں ملے گا اور انہیں ان کے جائز حق سے محروم رکھا جائے گا وہاں امن قائم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان میں قوم پرست کمزور ہوئے ہیں تو وفاق پرست بھی بلوچستان میں کمزور ہوتے جارہے ہیں۔ نواب لشکری رئیسانی کا کہنا تھا کہ وہ بلوچستان کے حقوق کے لئے مختلف سیاسی رہنماؤں سے رابطے کررہے ہیں بہت جلد بلوچستان کے حقوق کے لئے ایک نیا سیاسی پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے گا اور وہ اپنے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
تازہ ترین