• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن میں نامزد میونسپل افسران کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی کرپشن کے نیب ریفرنس میں نامزد سابق تعلقہ میونسپل افسران سامارو نظام الدین شاہانی اور دلیپ کمار کی منگل کو وکلا کے دلائل کے بعد 5,5 لاکھ روپے کی عبوری ضمانت برائے قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں دادو کے رہائشی نظام الدین شاہانی اور عمر کوٹ کے رہائشی دلیپ کمار کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ اینٹی کرپشن سندھ نے مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد ٹی ایم اے سامارو میں 2011 سے2013 کے عرصہ کے دوران سرکاری فنڈز میں 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی کرپشن اور سرکاری گاڑیوں کے غائب ہونے کے الزام میں ان سمیت دیگر ملازمین کے خلاف اینٹی کرپشن تھانہ عمر کوٹ میں کرائم نمبر 3/2013 درج کیا تھا، بعد ازاں یہ کیس نیب عدالت منتقل کردیا گیا، نیب نے ہمارے خلاف ریفرنس نمبر 5/2015 درج کرکے تفتیش شروع کردی، نیب سے تفتیش میں تعاون کے باوجود ہراساں کیا جارہا ہے،گرفتاری کا خدشہ ہے۔ درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ ان کی ضمانت منظور کی جائے۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ نے وکلا کے دلائل کے بعد دونوں افسران کی 5,5 لاکھ روپے کی عبوری ضمانت برائے قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو دونوں افسران کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
تازہ ترین