• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرسٹی بس اسٹینڈز کی شہر سے باہرمتبادل جگہوں پرآئندہ ماہ منتقلی کا امکان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی شہر سے باہر تمام انٹر سٹی بس اسٹینڈز کی منتقلی کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے دفتر میں ایک جائزہ اجلاس ہوا، جس کی صدارت ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ اعجاز احمد شیخ نے کی، اجلاس میں کراچی ڈویژن کے ایس ایس پیز، سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کیپٹن (ر) آصف محمود، حنیف خان مروت، انٹر سٹی بس اونرز کے حاجی تاج رسول، حاجی عبدالرؤف نیازی اور مراد خان درانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام انٹر سٹی بس اڈوں کو شہر سے باہر متبادل جگہوں پر منتقل کرنے کا جائزہ لیا گیا ،تاکہ شہر میں ٹریفک کا دباؤ کنٹرول کیا جا سکے، کونسل کے اعلامیے کے مطابق اعجاز شیخ نے ٹرانسپورٹرز کو بتایا کہ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سید ناصر حسین شاہ اور ڈی آئی جی ٹریفک کراچی عمران یعقوب منہاس نے شہر میں ٹریفک کے بڑھتے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں، تاکہ عوام کا قیمتی وقت کم سے کم ضائع ہو، اس سلسلے میں 5؍رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جو تمام ایس ایس پیز کے ساتھ حکومت سندھ کے زیرانتظام متبادل جگہوں کی نشاندہی کرے گی تاکہ آئندہ ماہ حکومت سندھ کی اجازت کے بعد شہر سے تمام انٹر سٹی بس اسٹینڈز کو ان متبادل جگہوں پر منتقل کیا جا سکے۔ اجلاس میں سپریم کونسل نے ایس ایس پیز کو ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تازہ ترین